سیشن جج کو رشوت دینے کا کیس ،شعیب شیخ کا 3روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا

جمعہ 10 مارچ 2023 21:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2023ء) سیشن جج کو رشوت دینے کے کیس میں ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس کے سزا یافتہ شعیب شیخ کا 3روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے شعیب شیخ کو 3روز کے ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا۔اس موقع پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ سیشن جج پرویز قادر کا بیان اسلام آباد ہائیکورٹ میں جاری اپیل کا حصہ تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دیگر شریک ملزمان کے ساتھ ٹرائل کورٹ نے شعیب شیخ کو مجرم قرار دیا تھا۔وکیلِ صفائی لطیف کھوسہ کو پراسیکیوٹر کے دلائل کے دوران بار بار بولنے پر عدالت نے روک دیا۔پراسیکیوٹر نے کہا کہ ہائیکورٹ کے 2ججز کے سامنے سیشن جج نے رشوت لینے کا اعتراف کیا۔اس موقع پر وکیلِ صفائی لطیف کھوسہ نے کہا کہ انکوائری 2018 میں ہوئی، 5سال بعد کیس کا خیال آیا ہی ،لطیف کھوسہ نے کہا کہ زبانی کلامی اعترافی بیان نہیں مانا جاسکتا۔