ایم ڈی اے کی ورکنگ کو ڈیجٹلائز کرنے کا کام تیز کیا جائے،سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب

بدھ 15 مارچ 2023 19:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2023ء) سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب رانا سلیم خان نے کہا ہے کہ ایم ڈی اے کی ورکنگ کو ڈیجٹلائز کرنے کا کام تیز کیا جائے۔ اس سے نہ صرف ایم ڈی اے کا ریکارڈ محفوظ رہے گا بلکہ لوگوں کی جائیداد کے معاملات میں بھی تحفظ ملے گا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے اور دیگرافسران کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر فنانس اینڈ ایڈمنسٹریشن ایم ڈی اے شاکر عباس بزدار،ڈائریکٹر انجینئرنگ رانا وسیم خان ،ڈائریکٹر ٹریفک انجینئرنگ اینڈ ٹرانسپورٹ پلاننگ راؤ زکا الرحمن ،سٹاف افیسر ٹیکنیکل علیم خان و دیگرافسران بھی موجودتھے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے ڈاکٹر محمد زاہد اکرام کو ہدایت کی کہ ایم ڈی اے کے جاری ترقیاتی منصوبے کا کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

عوام الناس کو سہولیات دینے کےلئے مزید اقدامات کئے جائیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے زاہد اکرام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی اے اپنے تمام تر ورکنگ کو شفاف اور تیز بنانے کے لئے ڈیجٹلائزیشن کی طرف جا رہا ہے۔ایم ڈی اے کے کنٹرولڈ ایریا میں ہاوسنگ سکیموں کی جی آئی ایس سسٹم کے تحت نشاند ہی اور منظوری کے پراسس پر کام تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایم ڈی اے میں گھریلوں نقشہ جات کی منظوری کے پراسس کو آن لائن کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ غیر منظور شدہ کمرشل تعمیرات کی چیکنگ کے لئے جی آئی ایس کو کام سونپ دیا گیا ہے۔