محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری کی مویشی پال حضرات کودودھ کی پیداوار میں اضافہ اور جانوروں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کیلئے تازہ چارہ فراہم کرنے کی ہدایت

ہفتہ 18 مارچ 2023 14:49

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2023ء) ڈائریکٹرمحکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد ڈاکٹر حیدر علی خان نے کہا کہ جانوروں خصوصاً دودھ دینے والے مویشیوں کو تازہ چارہ اور وافر مقدار میں پانی کی فراہمی اشد ضروری ہے کیونکہ اس سے جہاں مویشیوں کو کئی بیماریوں سے بچایا جاسکتا ہے وہیں دودھیل جانوروں کی دودھ کی پیداوار میں بھی اضافہ ممکن ہے جبکہ اس عمل سے جانوروں کی بہتر افزائش نسل بھی ہوسکتی ہے۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب لائیو سٹاک فارمرز کو دودھ و گوشت کی بہترین پیداوار کے حصول کیلئے تمام ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے جبکہ لائیوسٹاک فارمرز کیلئے خصوصی مشاورتی مہم کا بھی آغاز کیا گیا ہے تا کہ وہ ماہرین لائیوسٹاک کے مشوروں سے مستفید ہو کر گوشت اور دودھ کی پیداوار میں اضافہ سمیت معاشی ترقی و اقتصادی استحکام میں معاون ثابت ہوسکیں اور ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ اضافی دودھ و گوشت اور اس سے تیار ہونیوالی دیگر مصنوعات برآمد کر کے قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ نے اس سلسلہ میں ایک فری ہیلپ لائن بھی قائم کر رکھی ہے لہٰذا مویشی پال حضرات اس سلسلہ میں مزید معلومات و رہنمائی کیلئے فری ہیلپ لائن پر رابطہ کرسکتے ہیں۔