اداکارہ عروہ حسین پر تنقید، فرحان سعید خاموش نہ رہ سکے

آج کل کے شوز کا فارمیٹ ایسا ترتیب دیا جاتا ہے ایک فنکار دوسرے کو کسی نہ کسی طرح نیچا دکھائے، ساتھی فنکاراس کیخلاف آواز بلند کریں ،گلوکار

پیر 20 مارچ 2023 18:30

اداکارہ عروہ حسین پر تنقید، فرحان سعید خاموش نہ رہ سکے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2023ء) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عروہ حسین نے ہدایت کار ندیم بیگ کی تنقید پر شدید ردِ عمل کا اظہار کیا تو ان کے شوہر اور گلوکار و اداکار فرحان سعید بھی خاموش نہ رہ سکے۔گزشتہ دنوں پی ایس ایل کے حوالے سے نجی چینل پر نشر ہونے والے گیم شو میں ہدایت کار ندیم بیگ نے چند سوالات کے جواب میں اداکارہ عروہ حسین کو نخرہ کرنے والی اور خون کے آنسو رلانے والی قرار دیا تھا۔

ہدایت کار کی جانب سے لگائے گئے ان الزامات پر اداکارہ خاموش نہ رہ سکیں اور ان پر برہمی کا اظہار کیا اور مذکورہ معاملے کی وضاحت پیش کرتے ہوئے طویل پوسٹ شیئر کی۔اداکارہ عروہ حسین کی جانب سے وضاحت سامنے آنے کے بعد ان کے شوہر فرحان سعید بھی خاموش نہ رہ سکے اور اہلیہ کی حمایت کرتے ہوئے ان کی انسٹا پوسٹ پر کمنٹ میں تبصرہ دیتے ہوئے علامہ اقبال کا مشہور شعر لکھ کر ان کا حوصلہ بلند کیا تو شاہین ہے بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں پر۔

(جاری ہے)

بعدازاں انہوں نے ایک نجی میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے اس معاملے پر کھل کر بات کی اور کہا کہ آج کل کے شوز کا فارمیٹ کچھ اس طرح ترتیب دیا جاتا ہے کہ ایک فنکار دوسرے فنکار کو کسی نہ کسی طرح نیچا دکھائے۔ پھر کچھ سوشل میڈیا پیجز انٹرویوز اور گیم شوز میں سے صرف منفی چیزوں کو شیئر کرتے ہیں جو وائرل ہوجاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اسی شو یا انٹرویو میں سے مثبت اور مزاحیہ چیزوں کا انتخاب بھی کرسکتے ہیں، لیکن نہیں۔

انہوں نے اپنی فلم ٹچ بٹن کی پروموشن کا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہم جب اپنی فلم کی پروموش کر رہے ہوتے ہیں تو بجائے ہم سے یہ پوچھا جاتا کہ فلم بنانے میں کتنی محنت لگی، ہم سے یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ دوران شوٹنگ کس اداکار نے سب سے زیادہ تنگ کیا۔انہوں نے گزشتہ دنوں اداکار سمیع خان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ پروگرام میں مدعو کیے گئے مہمانوں کا مذاق اڑایا جاتا اور اسے بہت اچھا سمجھا جاتا ہے۔انہوں نے ساتھی فنکاروں سے اس طرح کے فارمیٹس کے خلاف آواز بلند کرنے اور ان کے خلاف متحد ہونے کا مطالبہ کیا۔