گندھاراہندکو بورڈ اور سرحد چیمبر کے زیر اہتمام ارباب ہاشم کے اعزاز میں تقریب

پیر 20 مارچ 2023 18:41

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2023ء) پشاور کے ماہر فنون ارباب ہاشم کے اعزاز میں گندھارا ہندکو بورڈ پشاور اور سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے ایک تقریب سرحد چیمبر کے محسن ہال میں منعقد ہوئی جس کی صدارت گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکرٹری محمد ضیاء الدین نے کی جبکہ نظامت کے فرائض گندھارا ہندکو بورڈ کے جوائنٹ سیکرٹری احمد ندیم اعوان نے سرانجام دئیے۔

اپنے افتتاحی کلمات میں گندھارا ہندکو بورڈ کے جنرل سیکرٹری محمد ضیاء الدین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کی دھرتی نے ارباب ہاشم کی صورت میں عظیم سپوت پیدا کئے ہیں، اُنہوں نے فنِ مجسمہ سازی، پینٹنگ اور فلسفے میں پوری دنیا میں اپنا نام روشن کیا ۔ آج کی تقریب کا مقصد اُن کی صلاحیتوں کودنیا کے سامنے آشکارا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ارباب ہاشم نے اظہار خیال کرتے ہوئے فن ِ مجسمہ سازی، بُدھا کی شخصیت اور فلسفے پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گندھارا ہندکو بورڈ کے ایگزیکٹیو ممبران وسیم شاہد، سعید پارس، سکندر حیات سکندر، حاجی احسان الٰہی اور ہندکو اور اردو کے شاعر ڈاکٹر خادم ابراہیم، تنویر کاظمی،نثار بزمی، نسیم سحر ،ڈاکٹر فراز ،مومن ندیم، قدسیہ قدسی، طاہرہ رفعت ،ثروت ایڈووکیٹ،صحافی ناصر داوڑ سمیت دیگر شرکاء نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ارباب ہاشم کا کینوس بہت وسیع ہے، اُن کی پینٹنگز میں فطرت کے مناظر بڑے نمایاں ہیں،ارباب ہاشم ہندکو کا بُدھا ہیں، اپنی ذات میں پورا ادارہ ہیں،ان کے اندر کئی آرٹسٹ چھپے ہوئے ہیں۔

انہوں نے 300 سے زیادہ فن پارے اور 300 سے زیادہ مجسمے بنائے ۔جن میں قائداعظم، ذوالفقار علی بھٹوسمیت بے شمارنامور شخصیات کے مجسمے شامل ہیں۔ اس موقع پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقدہوا۔تقریب کے آخر میں محمد ضیاء الدین نے ارباب ہاشم کے نام سے رسالہ'' ہندکووان سرخیل نمبر ''شائع کرنے کا اعلان کیا۔