محکمہ صحت کے زیرِ اہتمام آج 22 مارچ کو سرگودھا میں ٹی بی کا عالمی دن منایا گیا،واک کا اہتمام

بدھ 22 مارچ 2023 17:09

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2023ء) پروویژنل ٹی بی کنٹرول پروگرام پنجاب اور محکمہ صحت سرگودھا کے زیرِ اہتمام آج 22 مارچ کو سرگودھا میں بھی ٹی بی کا عالمی دن منایا گیا۔ اس سلسلے میں گورنمنٹ ٹی بی ہسپتال سرگودھا میں عوام میں شعور اُجاگر کرنے کیلئے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ماہرین ِٹی بی نے لوگوں کواس مرض کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔

بعدازاں ٹی بی کے خلاف ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)شعیب علی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف اورڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد ریاض کی قیادت میں واک کااہتمام کیا گیا۔ اس موقع پرماہر امراض سینہ و ٹی بی و ڈسٹرکٹ ٹی بی کوارڈنیٹر ڈاکٹر سکندر حیات وڑائچ نے کہا کہ ٹی بی ایک مکمل قابل ِعلاج مرض ہے جتنا جلدی مریض اپنا علاج شروع کرواسکے اُتنا ہی مریض اس بیماری کی پیچیدگیوں سے بچ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ سرگودھا کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ٹی بی کے لئے بلغم کے ٹیسٹ و علاج حکومت کی طرف سے فری میسر ہے۔ ایسے مریض جن کو کھانسی2ہفتے سے زیادہ ہو تو انہیں اپنے بلغم کا معائنہ ضرور کروانا چاہیے تاکہ اس موذی بیماری کی بروقت تشخیص کرکے علاج کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آج کے دن اس بات کا اعادہ کرناچایئے کہ انشاء اللہ ہم 2030ء تک سرگودھا کو ٹی بی فری ضلع بنائیں گے۔