کھلاڑی افغانستان سیریز کے دوران روزے رکھیں گے: شاداب خان

رمضان کے مقدس مہینے میں کرکٹ کھیلنے کا یہ میرا پہلا تجربہ ہوگا کیونکہ اس سے قبل میں نے رمضان میں کبھی کرکٹ نہیں کھیلی: قومی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 24 مارچ 2023 15:10

کھلاڑی افغانستان سیریز کے دوران روزے رکھیں گے: شاداب خان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 مارچ 2023ء ) پاکستان کے اسٹینڈ ان کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ قومی اسکواڈ آج سے افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران روزہ رکھے گا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں کرکٹ کھیلنے کا یہ ان کا پہلا تجربہ ہوگا کیونکہ اس سے قبل انہوں نے رمضان میں کبھی کرکٹ نہیں کھیلی۔

غور طلب ہے کہ شاداب خان کی قیادت میں 15 رکنی اسکواڈ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) پہنچا ہے اور دونوں ٹیموں نے پہلے میچ سے قبل پریکٹس سیشن کیا۔ بابر اعظم کی غیر موجودگی میں کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ میں مینز ان گرین کی قیادت کرنے کے لیے یہ 24 سالہ نوجوان کی پہلی اسائنمنٹ ہو گی، جنھیں سیریز کے لیے آرام دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کپتانی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ کپتانی میں کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے لیکن میرا مقصد جارحانہ اور بے خوف کرکٹ کھیلنا ہے جو کہ جدید دور کی کرکٹ کا تقاضا ہے۔

افغانستان کی ٹیم کے حوالے سے سوال کے جواب میں شاداب نے مزید کہا کہ انہوں نے پاکستان کے خلاف بہت اچھا کھیلا ہے اور ماضی قریب میں ہمیشہ ٹف ٹائم دیا ہے۔ شاداب خان نے مزید کہا کہ 'افغانستان کے کھلاڑی دنیا بھر کی ٹی ٹوئنٹی لیگز کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور خاص طور پر متحدہ عرب امارات کے حالات میں وہ ایک خطرناک ٹی ٹونٹی ٹیم ہے'۔