وقفے وقفے سے ہونے والی موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا ،نشیبی علاقے زیر آ ب آ گئے

بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ،65فیڈرز سے بجلی کی سپلائی عارضی طور پر معطل ،روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا

جمعہ 24 مارچ 2023 23:17

وقفے وقفے سے ہونے والی موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا ،نشیبی علاقے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2023ء) صوبائی دارالحکومت لاہور میں وقفے وقفے سے ہونے والی موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہو گیا ،بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آ ب آ گئے،بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثر ہوا اور65 فیڈرز سے بجلی کی سپلائی عارضی طور پر معطل ہوگئی جس کی وجہ سے روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ روز وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش ہوئی جس سے موسم کی شدت میںبھی اضافہ ہو گیا ۔ بارش کی وجہ سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ بارش کا پانی کھڑا ہونے سے شاہراہوں پر ٹریفک سست روی کا شکار رہی ۔ لاہور سمیت لیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ۔

(جاری ہے)

65فیڈرز سے بجلی کی سپلائی عارضی طور پر معطل ہونے سے روزہ داروںکو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔لیسکو ترجمان کے مطابق فیلڈ اسٹاف کو ہائی الرٹ کردیا گیا اور جن علاقوں میں بارش رک گئی ہے وہاں مرحلہ وار بجلی بحال کی گئی ۔دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش کے باعث وفاقی و صوبائی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور اور راولپنڈی میں نشیبی علاقے زیر آب آ جانے کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہوائوں اور ژالہ باری سے کھڑی فصلوں اور کمزور انفرا سٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود رہے گا۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو الرٹ رکھیں۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کا عملہ بھی شہریوں کی مدد کے لیے تیار رہے۔