ملک کے مختلف حصوں 4 مئی تک بارشوں کا امکان

2 سے 5 مئی کے دوران جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بارش ہوسکتی،محکمہ موسمیات

بدھ 30 اپریل 2025 15:13

ملک کے مختلف حصوں 4 مئی تک بارشوں کا امکان
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ سے 4 مئی کے دوران اسلام آباد، مری، گلیات، بالائی پنجاب،خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پرموسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔

(جاری ہے)

ادھر 2 سے 5 مئی کے دوران جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے، اس دوران سکھر، میرپورخاص، خیرپور، تھرپارکر، سانگھڑ اور عمرکوٹ میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔

گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت نواب شاہ میں 49 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، رحیم یار خان، خیرپور، پڈعیدن، روہڑی اور دادو میں 48، حیدر آباد اور بہاولپور میں 45، ملتان میں 44، پشاور اور مظفر آباد میں 41، لاہور میں 40 اور کراچی میں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح اسلام آباد میں 38،کوئٹہ میں 37 اور گلگت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔