کراچی سمیت سندھ بھر میں بدھ تک ہیٹ ویو کا امکان، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آگیا، آلودہ ذرات کی مقدار 159 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی

پیر 21 اپریل 2025 17:41

کراچی سمیت سندھ بھر میں بدھ تک ہیٹ ویو کا امکان، محکمہ موسمیات نے الرٹ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)سندھ کے کئی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، کراچی میں بدھ (23اپریل)تک ہیٹ ویو کا امکان ہے، درجہ حرارت 40 ڈگری سے اوپر جا سکتا ہے جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری کردیا گیاہے۔کراچی میں سورج پیرکوبھی آگ برسانے لگا، محکمہ موسمیات نے شہر میں شدید گرمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 23 اپریل تک ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے، شہر میں پیرکوبھی سمندری ہوائیں بند رہیںجبکہ شمال مشرق اور مغربی سمت سے گرم ہوائیں دن بھر چلتی رہیں، جن کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ماہرین نے بتایا کہ دن کے اوقات میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا اور راتوں میں بھی گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے، مطلع صاف ہے اور تیز دھوپ کی وجہ سے گرمی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 37 فیصد ہے۔

(جاری ہے)

فضائی معیار سے متعلق ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی)کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہوائوں کی سمت میں تبدیلی کی وجہ سے کراچی کا فضائی معیار مضر صحت قرار دیا گیا ہے۔اے کیو آئی کے مطابق پیرکوکراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پررہا جبکہ شہر میں آلودہ ذرات کی مقدار 159 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات اور ماہرین صحت نے شہریوں کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، خاص طور پر سورج کی براہ راست تپش سے بچیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور دھوپ میں سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مٹھی اور نواب شاہ میں سب سے زیادہ گرمی پڑی، پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاپہنچا، حیدرآباد اور دادو میں 41 سکھر میں 40 اور ٹھٹھہ میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ کی گرمی نے ستایا۔