سیکرٹری تعلیم کامظفرآباد کے مختلف تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ

ہفتہ 25 مارچ 2023 22:38

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2023ء) سیکرٹری تعلیم زاہد خان عباسی نے ہفتہ کے روز مظفرآباد کے مختلف تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کیا، اساتذہ کی حاضری چیک کرنے کے بعد تمام کلاسز کا معائنہ کیا۔دوران معائنہ سبجیکٹ ریلیٹڈ ٹیچرز اور بچوں سے سوالات کیے۔معیار تعلیم بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر صاحبان کو احکامات جاری کئے۔

کلاسز کے معائنہ کے دوران گرلز ہائی سکول طارق آباد کی ایک طالبہ حراء کی نظر کمزور پائی گئی جس پر سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن آزاد کشمیر زاہد خان عباسی نے بچی کا فوری علاج کروانے کیلئے الشفاء آئی ٹرسٹ کے چیئرمین سے رابطہ کیا اور بچی کے علاج کیلئے 27مارچ بروز پیر کا وقت لے لیا۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ مظفرآباد کے جملہ تعلیمی اداروں میں فری آئی کیمپ لگانے کے لیے بھی اقدامات کرنے کے لیے کہا جس پر الشفاء آئی ٹرسٹ کے چیئرمین کرنل نعیم نے تمام تعلیمی اداروں میں فری آئی کیمپ لگانے کے حوالے سے رضا مندی ظاہر کی۔

اس پر سیکرٹری نے جملہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر صاحبان کو ہدایت جاری کیں کہ وہ تمام تعلیمی اداروں سے فوکل پرسن مقرر کریں جو کمزور نظر والے طلبہ و طالبات کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کے علاج کا مکمل پراسسز کروانے کے پابند ہوں گے۔