سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف کی زیر صدارت آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالہ سے ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس

جمعرات 30 مارچ 2023 17:57

سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف کی زیر صدارت آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2023ء) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف کی زیر صدارت آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا ۔ اس موقع پر سپیکر نے کہا کہ آئین پاکستان کی دستاویزات ایک اہم دستاویز ہے،آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات کا مقصد عوام میں آئین کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے، آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے انتظامات کے لئے کام کرنے والے افراد مبارکباد کے مستحق ہیں۔

گولڈن جوبلی تقریبات کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے تمام اداروں کا تعاون خوش آئند ہے،آئین پاکستان کی بالادستی کی خاطر سختیاں برداشت کرنے والوں اور قربانیاں دینے والے کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

فرحت اللہ بابر نے کہا کہ آئین کی گولڈن جوبلی کے موقع پر آئین کی خاطر سختیاں برداشت کرنے والوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا جائے ۔

آئین کی بالادستی کے لئے خدمات سر انجام دینے والوں کے نام سنہری حروف میں لکھے جائیں گے۔ آئین کی گولڈن جوبلی منانے کا مقصد آئین کی سربلندی کے لئے عزم کا اظہار ہے۔ اراکین کمیٹی نے کہا کہ آئین پاکستان کے تحفظ کے لئے مربوط اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ آئین پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے کو تاریخ میں سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔