متحدہ عرب امارات سے یورپ کا ویزا لگوانا آسان ہوگیا

یو اے ای کے رہائشی جلد ہی شینگن ویزا کے لیے آن لائن درخواست دے سکیں گے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 30 مارچ 2023 16:40

متحدہ عرب امارات سے یورپ کا ویزا لگوانا آسان ہوگیا
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 مارچ 2023ء ) متحدہ عرب امارات سے یورپ کا ویزا لگوانا آسان ہوگیا کیوں کہ یو اے ای کے رہائشی جلد ہی شینگن ویزا کے لیے آن لائن درخواست دے سکیں گے، قونصل خانے میں ذاتی طور پر صرف ایک بار جانا ایسے درخواست دہندگان کے لیے ضروری ہوگا جن کا بائیو میٹرک ڈیٹا اب درست نہیں ہے اور جن کے پاس نئے سفری دستاویز ہیں۔

خلیج ٹائمز کے مطابق شینگن ممالک کا سفر کرنے کے خواہشمند متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کو اپنے ویزوں پر کارروائی کے لیے اپوائنٹمنٹ کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا، قطار میں کھڑے ہونے یا پاسپورٹ جمع کرانے کی ضرورت نہیں پڑے گی کیوں کہ یورپی یونین کے اجازت نامے کے طریقہ کار کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے ایک قدم آگے بڑھ رہا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ یورپی یونین کے رکن ممالک کے سفیروں نے ویزا کے طریقہ کار کو ڈیجیٹل بنانے کی تجویز کے لیے کونسل کے مذاکراتی مینڈیٹ پر اتفاق کیا، اس میں آن لائن ویزا کے لیے درخواست دینے کا امکان متعارف کرایا گیا ہے اور موجودہ ویزا اسٹیکر کو ڈیجیٹل ویزا سے بدل دیا گیا ہے، اس کا مقصد ویزا درخواست کے طریقہ کار کو مزید موثر بنانا اور شینگن علاقے کی سکیورٹی کو بہتر بنانا ہے، مجوزہ نئے قوانین کے تحت ویزے 2D بارکوڈ کے طور پر خفیہ طور پر دستخط شدہ ڈیجیٹل فارمیٹ میں جاری کیے جائیں گے، اس سے جعلی اور چوری شدہ ویزا اسٹیکرز سے متعلق سکیورٹی خطرات کم ہوں گے۔

سویڈن کی وزیر برائے ہجرت ماریا مالمر سٹینرگارڈ نے کہا کہ ڈیجیٹل شینگن ویزا جائز مسافروں کے لیے درخواست دینا آسان بنائے گا اور ساتھ ہی شینگن کے علاقے کو محفوظ بنانے میں مدد کرے گا، آن لائن درخواستوں سے قونصل خانے کے دوروں کی تعداد کم ہو جائے گی، یہ عمل مسافروں اور قومی انتظامیہ کے لیے عمل کو ہموار بناتا ہے، اس کے ساتھ ہی ڈیجیٹل ویزا ویزے کے اسٹیکر کی جعل سازی اور چوری کے خطرے کو ختم کر دے گا۔

معلوم ہوا ہے کہ مجوزہ نئے قوانین ویزا درخواست کا پلیٹ فارم بنائیں گے، شینگن ویزا کے لیے تمام درخواستیں اس پلیٹ فارم کے ذریعے کی جائیں گی، اس پلیٹ فارم پر ویزا کے درخواست دہندگان تمام متعلقہ ڈیٹا متعارف کروا سکیں گے، اپنے سفری اور معاون دستاویزات کی الیکٹرانک کاپیاں اپ لوڈ کر سکیں گے اور اپنی ویزا فیس ادا کر سکیں گے، انہیں ان کے ویزا سے متعلق فیصلوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ امارات کے رہائشیوں نے ڈیجیٹلائزیشن کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ وہ یورپی یونین کا سفر کرنے کے لیے زیادہ مائل ہوں گے، موسم گرما کے ساتھ آن لائن ویزا کے لیے درخواست دینا ایک بہترین قدم ہو گا کیوں کہ ڈیجیٹائزیشن اور ایک سادہ آن لائن چیک لسٹ بہت وقت کی بچت کرسکتی ہے۔