متحدہ عرب امارات میں گاڑیوں کی تیزرفتاری پر جھگڑا، 3 خواتین سر عام قتل

متحدہ عرب امارات کے علاقے راس الخیمہ میں لرزہ خیز واردات پیش آئی، پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کر لیا

muhammad ali محمد علی پیر 12 مئی 2025 19:00

متحدہ عرب امارات میں گاڑیوں کی تیزرفتاری پر جھگڑا، 3 خواتین سر عام قتل
راس الخیمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی2025ء) متحدہ عرب امارات میں گاڑیوں کی تیزرفتاری پر جھگڑا، 3 خواتین کو سر عام قتل کر دیا گیا۔ اماراتی خبر رساں اداروں کے مطابق متحدہ عرب امارات کے علاقے راس الخیمہ میں لرزہ خیز واردات پیش آئی۔ پولیس کے مطابق سڑک پر گاڑیوں کی تیز رفتاری کے معاملے پر ایک شخص نے دوسری گاڑی میں سفر کرنے والی خواتین پر گولیاں چلا دیں۔

فائرنگ کے باعث 3 خواتین جاں بحق ہو گئیں۔ جبکہ پولیس کے مطابق ایک شخص کو گرفتار کر کے واقعے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی گاڑی کو ایک دوسری گاڑی نے جب انتہائی قریب سے تیز رفتاری سے اوور ٹیک کیا تو ملزم نے غصے میں آ کر اپنی بندوق سے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 3 خواتین کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم پولیس کی جانب سے تاحال جاں بحق ہونے والی خواتین کی شناخت سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ جبکہ یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ یہ واقعہ راس الخیمہ میں کس مقام پر پیش آیا۔ واقعے کے بعد پولیس کی جانب سے شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ شاہراہوں پر گاڑی چلاتے وقت اپنے غصے پر قابو رکھیں۔ اگر کوئی بھی شخص شہریوں کی حفاظت اور سیکیورٹی کے معاملات میں خلل ڈالتا ہے، تو اس کیخلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔