Live Updates

پاکستان سے متحدہ عرب امارات کے کرایوں میں ہوشربا اضافہ

فضائی حدود کی بندش کے باعث گزشتہ چند دنوں کے دوران پاکستان سے سینکڑوں پروازیں منسوخ کی گئی تھیں

Sajid Ali ساجد علی پیر 12 مئی 2025 14:51

پاکستان سے متحدہ عرب امارات کے کرایوں میں ہوشربا اضافہ
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی 2025ء ) پاکستان سے متحدہ عرب امارات فضائی سفر کیلئے کا یکطرفہ ٹکٹ کی قیمت 9 ہزار 100 درہم تقریباً 7 لاکھ پاکستانی روپے تک پہنچ گئی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق فضائی حدود کی بندش کے باعث گزشتہ چند دنوں کے دوران پاکستان سے سینکڑوں پروازیں منسوخ کی گئیں، اس سے نمٹنے کے لیے ایئر لائنز کے لیے بڑے پیمانے پر بیک لاگ پیدا ہو گیا ہے اور اس ہفتے 17 مئی تک ہوائی کرایوں میں اضافہ ہوا ہے کیوں کہ مسافروں نے گزشتہ 3 سے 4 دنوں میں منسوخ ہونے والی پروازیں دوبارہ بک کیں اور بیرون ملک پھنسے ہوئے تارکین وطن نے اپنی واپسی کا شیڈول دوبارہ ترتیب دیا، پاکستان اور کچھ ہندوستانی شہروں سے ہوائی کرایوں میں بڑے پیمانے پر اضافہ دیکھا گیا ہے کیوں کہ دونوں پڑوسیوں کے درمیان جنگ بندی کے بعد اپنے آبائی ممالک میں پھنسے ہوئے متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں نے اپنی واپسی کی تاریخوں کو دوبارہ ترتیب دیا ہے۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات میں ٹریول ایجنٹس نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کی جانب سے پروازوں کی معلومات کیلئے رابطہ کیا گیا ہے جو فوجی کشیدگی سے پہلے چھٹیاں گزارنے کے لیے ہندوستان اور پاکستان گئے تھے اور جلد واپس آنا چاہتے ہیں، انہیں خدشہ ہے کہ سیزفائر کے باوجود اگر صورتحال مزید بگڑی تو پروازیں دوبارہ معطل ہوسکتی ہیں، ان ہی میں سے متحدہ عرب امارات میں ایک تاجر پاکستانی شہری اعجاز خان جنگ کی وجہ سے اپنے ملک میں پھنس گئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ’میں اس جنگ بندی کے دوران متحدہ عرب امارات میں اپنی واپسی کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہوں، میں جلد از جلد اپنی واپسی کا بندوبست کرنے کی کوشش کر رہا ہوں کیوں کہ مجھے نہیں معلوم کہ کمرشل پروازوں کے حوالے سے کیا صورتحال ہو گی‘، اسی طرح سلیم اختر جو اس وقت چھٹیوں پر لاہور میں ہیں اور متحدہ عرب امارات واپسی کے خواہاں ہیں، انہوں نے کہا کہ ’اگلے چند دنوں میں ہوائی جہاز کے کرائے کافی زیادہ ہیں، وہ لوگ جن کی پروازیں گزشتہ 3 سے 4 دنوں میں منسوخ کی گئی تھیں اب وہ دوبارہ بکنگ کر رہے ہیں، اس لیے ہوائی کرایوں میں اس ہفتے 17 مئی تک اضافہ ہوا ہے، ہم دیکھتے ہیں کہ 18 مئی اور اس کے بعد کے ہوائی کرائے معمول کے مطابق ہیں‘۔

بتایا گیا ہے کہ اسی طرح پیر کے روز کے لیے متحدہ عرب امارات کے کیریئرز پر لاہور سے دبئی کا ہوائی کرایہ تقریباً 7 لاکھ پاکستانی روپے (9 ہزار 100 درہم) تک پہنچ گیا ہے، تاہم جمعہ کو تقریباً 3 لاکھ 90 ہزار میں پرواز ملنا ممکن ہے، ایک مقامی کیریئر ویب سائٹ نے دکھایا کہ لاہور سے ابوظہبی کی سیٹیں بدھ تک تقریباً بک چکی ہیں تاہم مسافروں کی بھاری ٹریفک کی وجہ سے ہوائی کرایہ 5 لاکھ 40 ہزار روپے (7 ہزار 050 درہم) تک پہنچ چکا ہے، دریں اثناء پیر اور منگل کے لیے پاکستانی ایئر لائنز پر یک طرفہ ہوائی کرایہ 2 ہزار 350 درہم کے قریب پہنچ گیا۔

انٹرنیشنل ٹریول سروسز (آئی ٹی ایس) کے مینیجر میر وسیم راجہ نے کہا کہ ’ہندوستان اور پاکستان میں پھنسے لوگوں کی طرف سے واپسی کے ٹکٹوں کی سخت مانگ ہے کیوں کہ وہ جلد از جلد متحدہ عرب امارات واپس جانا چاہتے ہیں، اسی مضبوط مانگ کی وجہ سے ہوائی کرایوں میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے کیوں کہ کشیدگی کے بعد ہونے والی جنگ بندی میں پروازیں پوری صلاحیت کے ساتھ چل رہی ہیں‘۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات