بھارت میں مسلم رہنماؤں کے وفد کی وزیرداخلہ امیت شاہ سے ملاقات ، تشدد پرتشویش

جمعرات 6 اپریل 2023 18:16

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2023ء) جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی کی قیادت میں مسلم رہنماؤں کے ایک 16 رکنی وفد نے وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی اور اس بات کی جانب ان کی توجہ مبذول کرائی کہ ملک کے مختلف حصوں میں ''مسلمانوں خلاف ہونے والے تشدد'' میں اضافہ ہو رہا ہے۔جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق جمعیت علماء کے ترجمان نیاز احمد فاروقی نے میڈیا کو بتایا کہ مسلم رہنماؤں کے وفد نے بھارتی وزیر داخلہ سے تقریبا ایک گھنٹہ ملاقات کی اور اس دوران ملک میں مسلمانوں کے خلاف تشدد کے بڑھتے واقعات پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مسلم وفد نے ملک میں مسلم کمیونٹی کو متاثر کرنے والے بہت دیگر مسائل پر بات چیت کی اور جنوبی ریاست کرناٹک میں مسلمانوں کے لیے ریزرویشن کو ختم کرنے کا بھی معاملہ اٹھایا گیا، جسے بی جے پی کی ریاستی حکومت نے حال ہی میں ختم کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ملک میں بے لگام نفرت انگیز مہم اور بڑھتی ہوئی اسلامو فوبیا پر بھی بات ہوئی۔ وفد نے مسلم طلبہ کے لیے مولانا آزاد سکالرشپ کا مسئلہ بھی اٹھایا، جسے منموہن سنگھ کی حکومت نے شروع کیا تھا اور مودی حکومت نے بند کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں ہنددوں کے مذہبی تہوار رام نومی کے موقع پر جلوسوں کے دوران ملک کے متعدد شہروں میں رمضان کے دوران مسلمانوں کی مساجد، مدارس اور دیگر اداروں کو نشانہ بنایا اور توڑ پھوڑ کی ان حملوں کی وجہ سے مسلم کمیونٹی کے اداروں کو کافی نقصان پہنچا ہے اور پولیس نے بڑی تعداد میں مسلمانوں کو ہی گرفتار کیا ہے۔