پارلیمنٹ آئین ساز ادارہ ہے اس کی توہین نہیں ہونی چاہئے،وفاقی وزیر جاوید لطیف کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

بدھ 3 مئی 2023 23:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2023ء) وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ آئین ساز ادارہ ہے اس کی توہین نہیں ہونی چاہئے۔ اگر ہم سازشوں کے آگے کھڑے ہو جاتے تو 2017ء میں جو کچھ ہوا وہ کبھی نہ ہوتا، ۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جب سے پارلیمنٹ وجود میں آئی ہے اس کے سامنے دوسرے ادارے کھڑے کئے جاتے رہے، میثاق جمہوریت پر دستخطوں کے بعد ایک طاقتور حلقے نے یہ سمجھا کہ یہ اتحاد ہمارے خلاف ہے، پھر ایک شخص کو سامنے لایا گیا ،ریاست کے اداروں نے اس کی سپورٹ کی۔

انہوں نے کہا کہ وہ شخص تھرڈ امپائر کی طرف دیکھتا تھا اب کئی تھرڈ امپائر اور سہولت کار موجود ہیں، ملک کے 23 کروڑ عوام میں سے ایک بندہ بھی ایسا نہیں کہ جس کا مقدمہ عدالت سے خارج ہو جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو ہمیشہ بلی چڑھایا جاتا رہا ہے، جب بنی گالہ کی رہائش کو ریگولرائز کیا جا رہا تھا تو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا بھی 10 کنال کا بنی گالہ میں پلاٹ تھا۔

چیئرمین پی اے سی نور عالم خان اس معاملہ کی چھان بین کرائیں، پارلیمنٹ کو ہمیشہ ڈرا دھمکا کر مجبور کیا جاتا رہا ہے، الیکشن کمیشن نے اپنی آزادی کیلئے جو آواز اٹھائی ہے اگر پارلیمنٹ اس کے پیچھے کھڑی نہیں ہو گی تو اس کا حال بھی جسٹس شوکت عزیز صدیقی اور جسٹس (ر) سیٹھ وقار جیسا ہو گا، ایوان کی خصوصی کمیٹی میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو بھی بلا کر سنا جائے، اگر اس وقت ہم کھڑے ہو جاتے تو 2017ء میں جو کچھ ہوا وہ کبھی نہ ہوتا، ہمیں اس سازش کو بے نقاب کرنا چاہئے تھا، کچھ بھی ہوتا ہم تاریخ میں زندہ رہتے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ آئین ساز ادارہ ہے اس کی توہین نہیں ہونی چاہئے۔