پی ٹی آئی رہنماء ڈاکٹر امجد کا پارٹی چھوڑنے اور سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان

3 سے 4 لوگ چیئرمین کو روزانہ اکساتے اور غلط فیصلے کرواتے ہیں، بڑا سمجھایا کہ اداروں کے خلاف محاذ آرائی نہ کریں ،مقدمات تھے تو خود تحقیقات کیلئے پیش ہوجاتے۔ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی ڈاکٹر امجد کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 18 مئی 2023 19:41

پی ٹی آئی رہنماء ڈاکٹر امجد کا پارٹی چھوڑنے اور سیاست سے کنارہ کشی کا ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی 2023ء) پی ٹی آئی رہنماء ڈاکٹر امجد نے 9مئی کے واقعات پر پارٹی چھوڑنے اور سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ 3سے 4 لوگ چیئرمین کو روزانہ اکساتے اور غلط فیصلے کرواتے ہیں،بڑا سمجھایاکہ اداروں کے خلاف محاذ آرائی نہ کریں،مقدمات تھے تو خود تحقیقات کیلئے پیش ہوجاتے۔ اے آروائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر امجدنے پارٹی چھوڑنے اور سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا ہے۔

ملکی تباہی کا حصہ بننے والی سیاست کا حصہ نہیں بن سکتا، اداروں کے خلاف نفرت پروان چڑھائی گئی۔ سب کو سمجھانے کی کوشش کی کہ اداروں کے خلاف محاذ آرائی نہ کریں۔ 3 سے 4 لوگ چیئرمین کو روزانہ اکساتے اور غلط فیصلے کرواتے ہیں، پارٹی قیادت کو سمجھایا تھا کہ ایسے عوام ایک دوسرے کے خلاف کھڑے ہوں گے۔

(جاری ہے)

اگر مقدمات تھے تو خود اپنے آپ کو تحقیقات کیلئے پیش کرتے۔

انہوں نے کہا کہ جب میں نے پی ٹی آئی جوائن کی تو مجھ سے فنڈز لئے گئے۔ میں نے 3 کروڑ روپے کا میڈیا سنٹر قائم کرکے دیا تھا۔ اسی طرح تحریک انصاف کے رہنما اور سابق مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات سے مجھ جیسے لوگوں کو دھچکا لگا،پی ٹی آئی کا جو نظریہ تھا وہ پرامن پارٹی کا نظریہ تھا،ہم نے شہدا کی یادگاروں اور ایم ایم عالم کے جہاز کو بھی نہ چھوڑا،یہ ایجنڈا جو بھی لیکر چل رہے ہیں وہ پارٹی کے خیر خواہ نہیں۔

ملک امین اسلم نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ اس ایجنڈے کے ساتھ ہوں اور نہ ہی اس کا حصہ بن سکتا ہوں، مجھ پر کسی چیز کا دباؤ نہیں۔ میں اس ایجنڈے کے ساتھ پارٹی میں نہیں چل سکتا،جن جن شہروں میں احتجاج ہوئے وہاں ہدف آرمی تنصیبات تھیں۔ انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کو انٹرا پارٹی انکوائری کرنی چاہیے تھی،یہ تو وہ ایجنڈا ہے جو دشمن کا خواب پورا کر رہا ہے،اب وقت آ گیا ہے کہ سب کو بے نقاب ہونا چاہیے۔

اسی طرح جنوبی پنجاب سے کئی سابق اراکینِ صوبائی اسمبلی نے پی ٹی آئی کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ملتان سے سابق ارکانِ اسمبلی ظہرالدین علیزئی اور مظفر گڑھ سے عبدالحئی دستی کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کا امکان ہے۔ لیہ سے سابق صوبائی اسمبلی قیصر مگسی اور ڈی جی خان سے سجاد چھینہ نے پی ٹی آئی کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جبکہ مظفر گڑھ سے عون حمید ڈوگر،نیاز گشکوری اور عملدار حسین قریشی نے بھی پارٹی کو چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔ تمام ارکان کی جانب سے آج ہی پریس کانفرنس میں پارٹی چھوڑنے کا اعلان متوقع ہے۔