میگا پاور ٹرانسفارمر کی تنصیب انجینئرز اور کارکنان کا بڑا کارنامہ ہے.وفاقی وزیر بجلی و پانی

اتوار 21 مئی 2023 22:10

گوجرانوالہ 21 مئی (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2023ء) وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ250ملین روپے کی لاگت سے 132کے وی کالج روڈ گرڈ اسٹیشن میں40/26ایم وی اے کے پاور ٹرانسفارمر کی بروقت تنصیب گیپکو انجینئرز اور کارکنان کا بہت بڑا کارنامہ ہے اس سے علاقہ میں اوور لوڈنگ کا خاتمہ ہو گا اور اہل علاقہ کو بہترین وولٹیج کے ساتھ معیاری بجلی میسر ہو گی۔

اِن خیالات کا اظہار انہوں نے کے وی کالج روڈ گرڈ اسٹیشن میں نئے پاور ٹرانسفارمر کی تنصیب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے چیئرمین گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز محمد شعیب بٹ،چیف ایگزیکٹوانجینئر محمد ایوب اور پراجیکٹ ڈائریکٹر جی ایس سی فیصل نفیس یوسف اور ڈپٹی مینجر پبلک ریلیشنز محمد جہانگیر رانانے بھی خطاب کیا جبکہ جنرل مینجرز مظہر نوید، رانا اشتیاق احمد،ڈائریکٹرجنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن جلیل الرحمن، چیف انجینئرزنوید انجم چیمہ، محمد عاشق جٹ،امتیاز احمد چیمہ، مینجرزشیخ امان اللہ،محمد بوٹا گورائیہ، شہباز احمد سیکھو، غلام غوث،واپڈا ہائیڈرو یونین کے ریجنل چیئرمین ولی الرحمن خاںسمیت گیپکو افسران و ملازمین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک بھر میں جہاں مقامی سطح پر سستی اور معیاری بجلی کی پیدا وار کیلئے کوشاں ہیں وہیں بجلی کے نظام کو مکمل طور پر بہتر اور اَپ گریڈ کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہیں اور اس سلسلہ میں گرڈ اسٹیشنوں کی تعمیر و اَپ گریڈیشن کے متعدد منصوبوں پر کام بڑی تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے پاور ٹرانسفارمر کے اضافے سے کالج روڈگرڈ اسٹیشن سے ملحقہ کالج روڈ ، گوبند گڑھ، دھلے پرنس روڈ، لیاقت روڈ،راجکوٹ، گلشن آباد، بڑا گلہ، گلہ حمید والا، نیائیں چوک، سید پارک بازار، جناح روڈ ، باغبانپورہ تھانہ ودیگرآبادیوں کواب اوور لوڈنگ کے مسائل ختم ہو نے سے براہ راست فائدہ ہوگا۔

انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ موجود حکومت کے محض ایک سال کے عرصہ میں اَب تک 3800میگا واٹ اضافی بجلی سسٹم میں شامل کر چکے ہیں اور یہ تمام پراجیکٹ ہمارے گذشتہ دورحکومت میں شروع کئے گئے تھے۔ اس موقع پرچیئرمین گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرزمحمد شعیب بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاور ٹرانسفارمر کے اضافے سے کالج روڈ گرڈ اسٹیشن میںلائن لاسز میں بھی خاطر خواہ کمی واقع ہو گی اوراس پر کی گئی سرمایہ کاری کی رقم محدود عرصہ میں وصول ہو جائے گی اور اسکے بعد مستقبل میں یہ گیپکو کیلئے مسلسل ایک بہت بڑی تکنیکی و مالی بچت کا باعث بنا رہے گا۔

چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب نے کہا کہ 25کڑور روپے کی خطیر رقم کی سرمایہ کاری سے مکمل ہونے والے اس منصوبے سے کی تکمیل سے نہ صرف سسٹم کی استعداد بڑھے گی اورگرد و نواح کے تقریباَایک لاکھ 50ہزارسے زائد صارفین کو بہترین وولٹیج کے ساتھ مستحکم بجلی کی فراہمی ممکن ہو گی۔چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ سسٹم کی اَپ گریڈیشن اور بہتری کیلئے ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رہے گا سسٹم کی اَپ گریڈیشن سے صارفین کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا اوراوورلوڈنگ اور کم وولٹیج کی شکایات کا خاتمہ ہوگا جبکہ گیپکو کا ڈسٹری بیوشن سسٹم بھی مستحکم ہوگا۔