حکومت معیشت کے استحکام کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہی: بلیغ الرحمان

ں*پاکستان مسلم لیگ (ن) سرگودھا ڈویژن کے صدر کی وفد کے ہمراہ گورنر پنجاب سے ملاقات

بدھ 31 مئی 2023 22:58

حکومت معیشت کے استحکام کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہی: بلیغ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 مئی2023ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے پاکستان مسلم لیگ (ن) سرگودھا ڈویژن کے صدر چوہدری شاہنواز رانجھا کی قیادت میں ایک وفد نے آج یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ مضبوط معیشت ملک کی خوشحالی کے لئے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت اچھی ہوگی تو تعلیم اور صحت سمیت تمام شعبوں میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معیشت کے استحکام کے لئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ 9 مئی کو نوجوانوں کو گمراہ کیا گیا، انہوں نے نہ صرف فوجی تنصیبات پر حملہ کیا بلکہ قومی ہیروز کی یادگاروں کی بھی بے حرمتی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کے شہداء ہمارے محسن اور فخر ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی سلامتی اور دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء ہمارے انتہائی احترام کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان واقعات کے پیچھے صرف ایک شخص اور صرف ایک سوچ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اب تعمیری اور تباہ کن سیاست میں موازنہ اور فرق کرنے لگے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سنی سنائی باتوں پر یقین کرنے کے بجائے حقائق جاننے کے لیے تحقیق ضروری ہے۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے شاہنواز رانجھا کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکن کسی بھی سیاسی جماعت کا اثاثہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے پارٹی کارکنوں اور عوام کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) سرگودھا ڈویژن کے صدر چوہدری شاہنواز رانجھا نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکن ہمیشہ مثبت سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی سیاسی جماعت نے مسجد نبویؐ کا تقدس پامال کیا ہے۔ چوہدری شاہ نواز رانجھا نے پارٹی کارکنوں سے خیرسگالی کے اظہار پر گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا