بلوچستان حکومت نے ضلع گوادر کو ٹیکس فری زون قرار دے دیا

گوادر میں سروسز، ایکسائز اور جائیداد کی منتقلی پر ٹیکس نہیں ہوگا، ضلع گوادر کو اسپیشل اکنامک ڈسٹرکٹ قرار دیا جائے، بلوچستان حکومت کی سفارش

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 3 جون 2023 19:39

بلوچستان حکومت نے ضلع گوادر کو ٹیکس فری زون قرار دے دیا
کوئٹہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 جون 2023ء) بلوچستان حکومت نے ضلع گوادر کو ٹیکس فری زون قرار دینے کی سفارش کردی ہے۔ دنیا نیوز کے مطابق بلوچستان حکومت نے ضلع گوادر کو ٹیکس فری زون قرار دے دیا ہے، بلوچستان حکومت نے وفاقی حکومت سے گوادر کو ٹیکس فری زون قرار دینے کی سفارش کی ہے۔ گوادر میں سروسز، ایکسائز اور جائیداد کی منتقلی پر ٹیکس نہیں ہوگا۔

وفاقی حکومت ضلع گوادر کو اسپیشل اکنامک ڈسٹرکٹ قرار دے۔سینیٹر کہدہ بابر نے ٹیکس فری زون سے متعلق کابینہ کا فیصلہ خوش آئند قرار دیا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان اور کابینہ کے مشکور ہیں۔سینیٹر کہدہ بابر نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت بھی وفاقی ٹیکسز میں چھوٹ دے۔ دوسری جانب نیوزایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق گوادر پورٹ کی ترقی اور کامیابی پاکستان کے معاشی منظر نامے کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے، اس سے نئے مواقع کے دروازے کھلیں گے اور تجارت، سرمایہ کاری اور ملازمتوں میں اضافے کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو گا ، پاکستان گوادر پورٹ اور اس سے منسلک اقتصادی زونز کی ترقی کو ترجیح دیتا ہے۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق ایک نئی پیشرفت میں گوادر بندرگاہ نے گزشتہ ہفتے چین کو اپنی پہلی براہ راست برآمد شروع کرکے ایک اہم کارنامہ انجام دیا۔ فارما سیوٹیکل خام مال سے لدے پانچ کنٹینرز گوادر فری زون سے چینی ساحلی شہر تیانجن کے راستے روانہ ہوئے اور جون میں چین پہنچیں گے۔ آنے والے مہینوں میں پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا۔

یہ شاندار کامیابی گوادر کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے اور خطے کیلئے ایک تاریخی موڑ ہے۔ گوادر پورٹ، جو کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک ) کی اعلیٰ معیار کی ترقی کا ایک اہم محرک ہے، بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو ( بی آر آئی ) کے دائرہ کار میں ایک اہم پائلٹ پروجیکٹ کی نمائندگی کرتا ہے۔ یہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔

گوادر پرو کے مطابق سی پیک کے اندر گوادر پورٹ کی تزویراتی اہمیت، بی آر آئی کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے، کو بڑھا چڑھا کر پیش نہیں کیا جا سکتا۔ جیسے ہی بی آر آئی نے اپنے وجود کی ایک دہائی مکمل کر لی ہے، گوادر پورٹ آپریشنل ہونا شروع کر کے اپنی نئی بلندیوں کو استوار کر رہا ہے اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں نئی تحریک پیدا کر رہا ہے۔