جنوبی پنجاب سے شاید ہی کوئی ایسا شخص اور گھرانہ ہوگا جو ہمارے ساتھ یا ہم اسکے ساتھ رابطے میں نہ ہوں، سردا ر دوست کھوسہ

ماضی میں (ق) لیگ کا حال سب کے سامنے ہے ،اگر اب بھی اس طرح کا کوئی سیٹ اپ بن رہا ہے تو اس کا مستقبل پائیدار نہیں ہوگا (ن) کے بھی 8سی10موجودہ اور سابق اراکین اسمبلی پیپلزپارٹی سے رابطے میں ہیں، سابق وزیر اعلیٰ و پیپلز پارٹی کے رہنما کی گفتگو

اتوار 4 جون 2023 17:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2023ء) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و پیپلزپارٹی کے رہنما سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سے شاید ہی کوئی ایسا شخص اور گھرانہ ہوگا جو ہمارے ساتھ یا ہم اس کے ساتھ رابطے میں نہ ہوں ماسوائے ان چند لوگوں کے جن پر دن کی روشنی میں اور نہ رات کے اندھیرے میں اعتبار نہیں کیا جا سکتا ،ماضی میں (ق) لیگ کا حال سب کے سامنے ہے ، اگر اب بھی اس طرح کا کوئی سیٹ اپ بن رہا ہے تو اس کا مستقبل پائیدار نہیں ہوتا ، مسلم لیگ (ن) کے بھی 8سی10موجودہ اور سابق اراکین اسمبلی پیپلزپارٹی سے رابطے میں ہیں ، میری اپنے گھر کے اندر بھی کاوشیں جاری ہیں جو ثمر آور ثابت ہوں گی ۔

ایک انٹر ویو میں سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں حال ہی میں شمولیت ہوئی ہیں اور مزید ہوں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے گھر سے افراد کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کرانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ جب میں غیروں سے رابطہ کر رہا ہوں تو کیا اپنے خاندان سے بات نہیں کر رہا ہوں گا،آصف زرداری نے نیک تمنائوں کے ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ،ان شا اللہ یہ میرے گھر والے رابطے ثمر آور ثابت ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر خان ترین سے ہمارا بڑا عزت و احترام والا تعلق ہے لیکن اس طرح کے سیٹ اپ کا مستقبل بہت محدود ہوتا ہے ، اس سے پہلے (ق) لیگ کا حال سب کے سامنے ہے ، اس طرح کے جو سیٹ اپ بنتے ہیں ان کا دیرپا مستقبل نہیں ہوتا، میری آج بھی چند سینئر سیاستدانوں سے ملاقات ہوئی ہے وہ اور ہم ایک ہی نقطہ نظر رکھتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ جہانگیر ترین گروپ کے ساتھ جو پہلے سے لوگ ہیں ان میں سے بھی کئی نے رابطہ کیا ہے، انہوںنے پہلے ہی ماریں کھائی ہوئی ہیں اور ا ب وہ مزید کسی مس ایڈونچر کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو پیپلز پارٹی سے دور ہو گئے یا جنہیں دور کیا گیا ان میں سے بیشتر لوگوں سے رابطے ہیں ۔ انہوںنے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) سے نالاں بھی چند لوگ رابطے میں ہیں لیکن پارٹی پالیسی کو دیکھ کر کمٹمنٹ کی جائے گی ،(ن) لیگ سے 8سے 10موجودہ سابقہ اراکین اسمبلی نے رابطہ کیا ہے اور چند دنوںمیں یہ نام سامنے آ جائیں گے۔