فنڈز کی عدم فراہمی،بی آر ٹی سروس کو 7 جون کو بند کرنے کیلئے خط لکھ دیا گیا

کمپنی کے 75 کروڑ 40 لاکھ بقایات جات ہیں،ٹرانسپورٹ کمپنی کا سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو خط

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 5 جون 2023 16:30

فنڈز کی عدم فراہمی،بی آر ٹی سروس کو 7 جون کو بند کرنے کیلئے خط لکھ دیا ..
پشاور (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 05 جون 2023ء) پشاور میں چلنے بی آر ٹی سروس فنڈز کی عدم فراہمی کا شکار ہے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور بی آر ٹی سروس کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ نجی ٹرانسپورٹ کمپنی نے 7 جون کو سروس بند کرنے کیلئے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو خط لکھ دیا۔ کمپنی نے خط میں لکھا کہ کمپنی کے 75 کروڑ 40 لاکھ بقایات جات ہیں۔ یاد رہے کہ خیبر پختو نخوا میں ایک کے بعد ایک منصوبہ بند ہونے لگا ہے،26 مئی کو انشورنس کمپنی نے فںڈز کی عدم ادائیگی کے بعد خیبرپختونخوا میں صحت کارڈ پلس منصوبہ بند کر دیا تھا اور اب کروڑوں روپے کے واجبات ادا نہ کرنے سے صوبے کا پہلا اور جدید ترین ماس ٹرانزٹ منصوبہ پشاور بی آر ٹی بند ہونے کے قریب ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کے مختلف شعبوں کا انتظام کرنے والی پانچ نجی کمپنیوں کو تقریباً ایک ارب روپے کے واجبات ادا کرنے میں ناکامی کی وجہ سے پشاور بی آر ٹی منصوبہ بڑے پیمانے پر متاثر ہوا۔

(جاری ہے)

صوبائی دارالحکومت کے 3 لاکھ مسافروں کے لیے بی آر ٹی کی 244 بسوں کا بیڑا چلانے والی نجی کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے اسے قابل ادائیگی رقم گزشتہ ماہ کے 45 کروڑ روپے سے بڑھ 75 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔

اس کے علاوہ چار دیگر کمپنیاں بھی اپنی خدمات کے عوض حکومت سے 30 کروڑ روپے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ یکم جون کو نجی کمپنی انتظامیہ نے ایک بار پھر صوبائی حکومت سے واجبات کی ادائیگی کے لیے درخواست کی اور کہا کہ وہ ناکافی فنڈز کی وجہ سے بس سروس چلانے کے قابل نہیں رہے گی۔ اپنے واجبات کی کل رقم 75 کروڑ 40 لاکھ روپے بتاتے ہوئے کمپنی نے خبردار کیا کہ واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث کمپنی پر شدید مالی دباو ہے،لٰہذا وہ کسی بھی وقت کام بند کر دے گی۔