راجن پور ، پولیس کا گرینڈ کچہ آپریشن 60 ویں روز میں داخل

بدھ 7 جون 2023 15:46

راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2023ء) آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر راجن پور کی تحصیل روجھان مزاری کے کچہ کے علاقہ میں پولیس کا گرینڈ کچہ آپریشن 60 ویں روز میں داخل ہوگیاہے۔ڈی پی او راجنپور کیپٹن(ر) دوست محمد نےاے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ 2 ماہ کے دوران کچہ آپریشن میں 12خطرناک ڈاکو ہلاک 8 سے زائد زخمی 26 سرنڈر جبکہ51 ڈاکو گرفتار کیے گئے۔

آپریشن میں ڈاکوئوں کا مقابلہ کرتے ہوئے1پولیس اہلکار محمد قاسم شہید جبکہ 3 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ نوگو ایریا سمجھی جانے والی 60 ہزار ایکڑ کے لگ بھگ اراضی واگزار کروائی گئی۔کلئیر کرائے گئے علاقوں میں 3 پولیس کمیونٹی سکول، 2 ڈسپنسریاں قائم کی گئیں۔ ڈاکوؤں سے برآمد اسلحہ میں 12.7 مشین گنیں( اینٹی ائیر کرافٹ)، راکٹ لانچرز، جی تھری ، ایس ایم جی، ایل ایم جیز، کلاشنکوف، رپیٹرز ، ہینڈ گرنیڈ اور سینکڑوں گولیاں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس نے آپریشن کے دوران کچہ کریمینلز کے درجنوں خفیہ ٹھکانے، کمین گاہیں اور مورچے تباہ و مسمار اور نظر آتش کر دئیے۔ کچی مورو، کچہ جمال،کچہ عمرانی، چک کپڑا، چک چراغ شاہ، جونگو ٹھنڈی، خیر پور بمبلی، چک چانڈیہ، رکھ شاہوالی،کچہ راضی سے کریمنلز گینگ کا صفایا کرکے حکومت کی رٹ قائم کی گئی ہے۔ ڈی پی او نے بتایاکہ بنگیانی ، سکھانی ، عمرانی ، لنڈ ، دلانی ، پٹ اور سادانی گینگ سمیت ہیڈ منی کے مجرمان بھاگنے پر مجبور،کمین گاہوں سمیت دیگر مقامات پر پولیس پکٹس قائم کی گئی ہیں۔

آئی جی پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پولیس ٹیموں کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، مجرمان کی بیخ کنی کیلئےکاروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے بتایاکہ آر پی او ڈی جی خان اور میں کچہ کے آپریشن ایریا میں فرنٹ لائن پر جوانوں کے ہمراہ موجود،آپریشن کی کمانڈ کر رہے ہیں۔