پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا اور نہ ہی اس کا کوئی خطرہ موجود ہے، وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار

جمعرات 8 جون 2023 20:25

پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا اور نہ ہی اس کا کوئی خطرہ موجود ہے، وفاقی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2023ء) اقتصادی سروے 2022-23ء کے اجراء پر وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات میں کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا اور نہ ہی اس کا کوئی خطرہ موجود ہے، انہوں نے کہا کہ افراط زر معیشت کے لئے واقعی ہی اہم مسئلہ ہے مگر ہم اس کو وقت کے ساتھ ساتھ کم کر رہے ہیں اور آئندہ دنوں میں اس میں کمی متوقع ہے۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے اسٹیٹ بینک کو مکمل خودمختاری دی جس کے نتیجے میں حکومت کی مالی مشکلات میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ 14سے 21فیصد پر چلا گیا ہے تاہم اس کو نیچے آنے میں وقت درکار ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ یہ بات تاریخ کا حصہ بن گئی ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچا لیا ہے اس کے ساتھ ساتھ بیرونی ادائیگیوں کے نظام بھی بہتر کیا گیا جس کے باعث لیٹر آف کریڈٹ کے مسائل حل ہونے کے ساتھ ساتھ دیگر بیرونی ادائیگیوں کو بھی ممکن بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک دن یا ایک ہفتہ میں افراط زر یا پالیسی ریٹ تو کم نہیں کیا جا سکتا تاہم قوم مطمئن رہے کہ ہم مشکل وقت سے گزر چکے ہیں۔ وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ میڈیا کی بھی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کو صحیح اعدادوشمار سے آگاہ کرے تا کہ عوام میں جو تشویش کی لہر پائی جا رہی ہے اس میں کمی واقع ہو سکے۔