Live Updates

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی بھارتی جارحیت کی مذمت

جمعہ 9 مئی 2025 15:02

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی بھارتی جارحیت کی مذمت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایل او سی پر بھارتی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری ناقابل قبول ہے۔ بھارت کا یہ طرز عمل نہ صرف خطہ بلکہ عالمی امن کے لئے خطرہ ہے ۔ جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے معصوم شہریوں کے زخمی ہونے پر اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ بھارتی میزائل حملے غیر ذمہ دارانہ، بلاجواز اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

بھارتی حملے نے خطے کے امن و استحکام کو شدید خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔بھارتی جارحیت صرف پاکستان نہیں، عالمی امن کے لیے بھی بڑا خطرہ ہے، اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بھارت جوہری خطے میں مہم جوئی کرکے تباہ کن راستے پر گامزن ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کو نہ انسانی جانوں کی پرواہ ہے، نہ عالمی اصولوں کی پاسداری۔ شہری فضائی حدود کو نشانہ بنا کر بھارت نے خود کو خطرناک ملک ثابت کیا ہے۔

عالمی برادری بھارت کے جھوٹے بیانیے کے پیچھے چھپی حقیقت کو سمجھے۔یہ وقت ہے کہ دنیا کی بڑی طاقتیں امن، انصاف کے لیے کھڑی ہوں۔ اگر بھارت کی مہم جوئی نہ روکی گئی تو پورا خطہ نئی جنگ کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔بھارتی جارحیت پر پاکستان کو عالمی فورمز پر بھرپور آواز بلند کرنی چاہیے۔بھارتی حملوں پر حکومت کو اقوام متحدہ اور عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرنا چاہیے۔

عالمی بینک کو بھی بھارتی جارحیت پر اعتماد میں لینا وقت کی ضرورت ہے۔پاکستان ایک ایٹمی طاقت اور ذمہ دار ریاست ہے۔ہماری فضائیہ فوج دنیا کی بہترین فضائیہ ہے اور وہ کسی جارحیت کا جواب دینا جانتی ہے۔ پہلگام واقعے کے بعد بغیر ثبوتوں کے پاکستان پر الزام ترشی اور جارحیت ریاستی دہشتگردی ہے۔مودی دہشتگرد تنظیم آر ایس ایس کا سربراہ اور فسطائی ذہنیت کا شخص ہے۔ مودی کے ہاتھ بھارتی گجرات کے معصوم مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔بھارتی سرکار اس وقت آگ سے کھیل رہا ہے نریندرا مودی کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات