فواد چوہدری کیلیے اسٹیج پر جگہ رکھی، لیکن وہ پیچھے جاکر بیٹھ گئے، اسحاق خاکوانی

فواد مجھ سے اور جہانگیر ترین سے بھی نہیں ملے، وہی بتا سکتے ہیں کہ پارٹی خوشی سے جوائن کی یا نہیں، اسحاق خاکوانی کی گفتگو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 8 جون 2023 23:43

فواد چوہدری کیلیے اسٹیج پر جگہ رکھی، لیکن وہ پیچھے جاکر بیٹھ گئے، اسحاق ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جون 2023ء) استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر رہنما اسحاق خاکوانی نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کیلیے اسٹیج پر جگہ رکھی، لیکن وہ پیچھے جاکر بیٹھ گئے۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل اے آر وائے نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے اور جہانگیر ترین سے بھی نہیں ملے، وہی بتا سکتے ہیں کہ پارٹی خوشی سے جوائن کی یا نہیں۔

اسحاق خاکوانی نے کہا کہ کل رات عشائیے کے میزبان علیم خان تھے، پتا نہیں فواد چوہدری کو مدعو کیا یا نہیں، فواد چوہدری کے ذہن میں کوئی کشمکش ہے تو وہ ہی بتا سکتے ہیں، جہانگیر ترین نے پارٹی میں شمولیت پر فواد چوہدری کو بہت سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علیم خان کے ساتھ تو ہم پچھلے 10 سے 12 سال سے اکٹھے ہیں، گزشتہ چند سال پہلے ہمیں الگ کیا گیا ورنہ ہم اکٹھے ہی تھے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ آج پارٹی کو صرف متعارف کروایا ہے عہدے دینے میں وقت لگے گا، ایک آدمی نے مذاق میں بات کی ہے کہ 22 منٹ میں پارٹی بنا دی گئی، پارٹی بنانے میں بہت محنت کی گئی ہے 22 منٹ میں نہیں بنائی گئی، پاکستان میں کنگز پارٹی کا کوئی پہلی مرتبہ بنی ہے۔ واضح رہے کہ لاہور میں استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے قیام کے اعلان کے موقع پر سابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری مرکزی اسٹیج پر نہیں بیٹھے۔

نیوز کانفرنس کے دوران فواد چوہدری کےلیے مرکزی اسٹیج پر نشست مختص کی گئی تھی۔ فواد چوہدری ہال میں پچھلی نشست پر کچھ دیر سر جھکائے بھی بیٹھے رہے۔ خیال رہے کہ سینئر سیاستدان جہانگیر ترین نے نئی سیاسی جماعت استحکام پاکستان پارٹی کے قیام کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ اس جماعت میں علیم خان اور عون چوہدری کے علاوہ تحریک انصاف کے سابقہ رہنما فواد چوہدری، عمران اسماعیل، عامر کیانی، فیاض الحسن چوہان، فردوس عاشق اعوان اور علی زیدی بھی شامل ہوگئے۔