اسلام آباد میں بلیک آﺅٹ کرنے والی افواہوں کی تردید

انتظامیہ نے مساجد سے رہائشیوں کو گھر کی روشنیاں بند کرنے کی ہدایت دینے کے لیے کوئی اعلان نہیں کیا . ڈپٹی کمشنراسلام آباد

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 9 مئی 2025 14:53

اسلام آباد میں بلیک آﺅٹ کرنے والی افواہوں کی تردید
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 09 مئی ۔2025 )اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے رات کے اوقات میں بجلی کی بلیک آﺅٹ کی منصوبہ بندی کے بارے میں گردش کرنے والی افواہوں کی سختی سے تردید کردی ہے سرکاری نشریاتی ادارے پی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایک سرکاری بیان میں انتظامیہ نے وضاحت کی کہ مساجد سے رہائشیوں کو اپنے گھر کی روشنیاں بند کرنے کی ہدایت دینے کے لیے کوئی اعلان نہیں کیا گیا.

(جاری ہے)

اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ بے بنیاد افواہیں ہیں، ایسی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی ڈی سی اسلام آباد نے خبردار کیا کہ جھوٹی معلومات پھیلانے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی، چاہے وہ مساجد کے لاﺅڈ اسپیکر کے ذریعے پھیلائی جائیں یا دیگر ذرائع سے واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے خبردار کیا تھا کہ کچھ افراد جعلی سائرن بجا کر اسلام آباد میں خوف و ہراس پھیلا رہے ہیں.

ڈی سی نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ عوام کو افواہوں سے بچنے کا مشورہ دیا جاتا ہے پوسٹ میں لوگوں سے غیر مصدقہ معلومات پر بھروسہ نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ایمرجنسی کی صورت میں ضلعی انتظامیہ سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر تصدیق شدہ اعلان جاری کرے گی، امن و امان میں خلل ڈالنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی.