حکومت کے پیش کردہ نئے مالی سال کے بجٹ سے توانائی کا بحران ختم کرنے میں مدد ملے گی،چیمبر عہدیداران کا ردعمل

جمعہ 9 جون 2023 22:13

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2023ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد، نائب صدر محمد اسلم بھلی، سابق صدر کاشف ضیا،راؤ سکندر اعظم اور دیگر عہدیداران نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے جمعہ کی شام قومی اسمبلی میں پیش کئے گئے نئے مالی سال 2023-24 کے بجٹ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے پیش کردہ نئے مالی سال کے بجٹ سے توانائی کا بحران ختم کرنے میں مدد ملے گی جبکہ مشکل حالات میں مشکل بجٹ پیش کیا گیا تاہم ملک میں معاشی استحکام سے ہی صنعتی و کاروباری ترقی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے زراعت کے شعبہ کیلئے جن سہولیات و مراعات کا اعلان کیا ہے اس سے زرعی ترقی اور غذائی اجناس کی پیداوار میں اضافہ سمیت مشینی کاشت بڑھانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے ہی رواں سال زراعت کو1800 ارب کا اضافی منافع ہواتاہم بجٹ میں ٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے سہولیات کا ذکر نہیں ہوااسی طرح سولر پلیٹ پر ڈیوٹی ختم کرنے کا فائدہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اعلانات سے لوکل صنعت کو بھی فائدہ ہوگالیکن کنسٹرکشن سیکٹر کو کوئی واضح فرق نہیں پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ آئی سیکٹر میں بھی بات ہوئی لیکن اس میں مزید سہولیات دینی چاہئیں نیزلائیوسٹاک سیکٹر میں بھی بہتری کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لیبر کی تنخواہیں بڑھانے پر ہم حکومت کے ساتھ ہیں کیونکہ ملک میں مہنگائی بہت زیادہ ہے اسلئے مزدوروں کو مناسب اجرت ملنی چاہیے لیکن ہمیں بھی مشکل حالات میں سروائیو کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری اور انڈسٹری کی بہتری کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے کیونکہ اگر سیاسی استحکام ہوگا تبھی معاشی استحکام آئے گا اور نئی سرمایہ کاری ہوگی۔انہوں نے کہا کہ آج جو وفاقی بجٹ پیش کیا گیا ہے اس میں مختلف سیکٹرز کو پیش نظر رکھا گیا ہے اورحکومت نے ایگریکلچرسیکٹر کو کافی سبسڈی دی ہے تاہم چونکہ انڈسٹری نے حکومت کو سب سے زیادہ منافع فراہم کیا ہے اور وہ موجودہ حالات میں بری طرح متاثر ہے لہٰذا اسکو مزید مراعات دینی چاہئیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ایک چیز بہت اچھی ہے کہ اس نے سولر سسٹم پر ڈیوٹی ختم کردی ہے اسی طرح آئی ٹی میں حکومت کا اچھا اقدام ہے جس سے بہت فائدہ ہوگااورآئی ٹی سے ملک ترقی کرے گا اسلئے اسے پروموٹ کرنا اچھا قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم کو چائیے کہ پاکستان کو پیکج دے کیونکہ پاکستان نے بہت محنت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹری پر ٹیکس نہ لگانا اچھا قدم ہے مگر جو پہلے مسائل ہیں اسکو کم کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ چونکہ مشکل وقت میں مشکل بجٹ پیش کیا گیا ہے اسلئے وہ حکومت کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں۔