جے یو آئی عمومی کا اجلاس، بجلی کے بلوں میں ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بڑے بل زیادتی ہے، ڈاکٹر اے جی انصاری

منگل 13 جون 2023 23:14

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2023ء) جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بڑے بل زیادتی ہے۔ قاتل ریمنڈ ڈیوس اور سزا یافتہ آسیہ مسیح رہا ہو سکتے ہیں تو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو کیوں نہیں آزاد کیاگیا، سول اسپتال میں ڈاکٹروں اور مریضوں کو سہولیات فراہم کی جائیں، واٹر سپلائی کی فراہمی کا وقت مقرر کیا جائے ۔

تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام تعلقہ جیکب آباد کی مجلس عمومی کا اجلاس ضلعی آفس جیکب آباد میں تعلقہ کے امیر مولانا عبدالجبار رند کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری مہمان خصوصی تھے،اجلاس میں مقررین نے کہا کہ قاتل ریمنڈ ڈیوس اور سزا یافتہ آسیہ مسیح آزاد ہو سکتی ہے تو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیوں نہیں آزاد ہو سکتی مگر اس میں حکمرانوں کو عملی کردار ادا کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ بل ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بجلی کے اضافی بل بھیجنا عوام کے ساتھ بڑی زیادتی ہے جس کو واپس لیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جیکب آباد میں پانی کا بڑا بحران ہے، 2 ارب کی میگا اسکیم مکمل ہونے کے باوجود صاف اور میٹھا پانی فراہم نہ کرنا قابل افسوس ہے، جو واٹر سپلائی سے پانی فراہم کیا جاتا ہے وہ بدبودار اور گندگی سے بھرا ہوا ہوتا ہے جس کے استعمال سے بیماریاں جنم لے رہی ہیں لیکن افسوس کہ پانی کو صاف کرنے کے لیے فلٹر پلانٹ میں کیمیکل بھی استعمال نہیں کیا جا رہا اور پانی کی فراہمی کا کوئی بھی وقت مقرر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول اسپتال جیکب آباد میں ڈاکٹروں اور عوام کے لیے کوئی بھی سہولیات مہیا نہیں اس لیے ان کو بہتر کرنے کے لیے انتظامات کیے جائیں، اجلاس میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی دنیا کے جہنم جیسی آمریکی جیل سے آزادی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔