نیشنل میوزک پبلشرز ایسوسی ایشن کا ٹویٹر ان کارپوریشن کے خلاف مقدمہ درج

جمعہ 16 جون 2023 10:00

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2023ء) نیشنل میوزک پبلشرز ایسوسی ایشن نے ٹویٹر ان کارپوریشن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق نیشنل میوزک پبلشرز ایسوسی ایشن نے ٹویٹر انکارپوریشن کے خلاف مقدمہ کیا، جس پر الزام ہے کہ وہ بغیر اجازت کے اپنے پلیٹ فارم پر موسیقی کا استعمال کرکے گیت لکھنے والوں کے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کرتا ہے۔

ٹویٹر واحد بڑا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے جو مالکان کو موسیقی کے حقوق ادا نہیں کرتا جبکہ یو ٹیوب، فیس بک، سنیپ چیٹ اور ٹک ٹوک سب معاہدے کے تحت میوزک انڈسٹری کو سالانہ اربوں ڈالر اجتماعی طور پر ادا کرتے ہیں۔امریکامیں گیت لکھنے والوں کی سرکردہ تنظیم، این ایم پی اے، جس کی ممبر بعض بڑی میوزک کمپنیاں ہیں، اس عدالتی اعلامیہ کی تلاش میں ہے کہ ٹویٹر نے تقریبا 1700 گانوں کے لئے کاپی رائٹ کی جان بوجھ کر خلاف ورزی کی ہے۔

(جاری ہے)

اس تنظیم نے سونی میوزک اور یونیورسل میوزک پبلشنگ گروپ سمیت 17 میوزک پبلشرز کی جانب سے نیش ول میں فیڈرل کورٹ میں شکایت درج کروائی۔کمپنیاں ہر کام کے لئے ہرجانے کے طور پر، 000 150،000 ڈالر تک کی تقاضا کر رہی ہیں۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ مجموعی طور پر 250 ملین سے زیادہ کے ہرجانے کا تقاضا کیا گیا ہے تاہم ٹویٹر نے اس بارے میں تبصرہ کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔