ملک کو آگے لے جانے کیلئے مزید سخت فیصلے ،ڈیفالٹ نہیں کریں گے ‘ اشفاق یوسف تولہ

معاشی استحکام لانے کے لیے حکومتی ترجیحات اور کوششیں رنگ لا رہی ہیں‘ وزیر مملکت ریو نیو ْبجٹ میں نقائص اور پیچیدگیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے‘ عہدیدار ان پاکستان ،لاہور ٹیکس بارز

منگل 20 جون 2023 13:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2023ء) وزیر مملکت برائے ریو نیو اشفاق یوسف تولہ نے کہا ہے کہ ملک کو آگے لے جانے کے لیے مزید سخت فیصلے کرنا ہوں گے، سابقہ حکومت کی نا اہلی اور معاہدوں سے انحراف کی وجہ سے بد تر ہونے والے حالات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا۔ان خیالات کا اظہارا نہوںنے پاکستان ٹیکس بار اور لاہور ٹیکس بار ایسوسی کے اشتراک سے منعقدہ پوسٹ بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر عاصم ذوالفقار فرگوسن ،زاہد عتیق چودھری ،پاکستان ٹیکس بار کے صدر رانا منیر حسین ،لاہور ٹیکس بار کے صدر زاہد پرویز ،محمد نعیم شاہ،شہباز بٹ،محسن ندیم ،فیصل اقبال،منور حسن،قمرالزمان چودھری اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کے آئی ایم ایف سے نویں ریو یو کے لئے مذاکرات جاری ہیں ،موجودہ مشکل حالات میں بہترین اور متوازن بجٹ پیش کیا گیا ،ٹیکس بارز بہتری کیلئے تجاویز دیں تاکہ مزید اقدامات اٹھائے جاسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایس ایم ایز ،زراعت، ٹیکنالوجی اورآئی ٹی سیکٹر کے فروغ کے لیے انتھک کوشش کر رہی ہے،معاشی استحکام لانے کے لیے حکومتی ترجیحات اور کوششیں رنگ لا رہی ہیں،آئی ایم ایف سے متوازن معاہدے اورمعاشی استحکام کے لیے دن رات کام جاری ہیں، ان شا اللہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔پاکستان ٹیکس بار کے صدر رانا منیر حسین،جنرل سیکرٹری قمرالزمان چودھری اور لاہور ٹیکس بار کے صدر زاہد پرویز نے کہا کہ بجٹ میں نقائص اور پیچیدگیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے، حکومت نے بجٹ میں معاشی استحکام کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے ،ملک میں جاری معاشی جمود کو توڑنے کیلئے ریلیف اور ٹیکس ریٹس کو کم کرنے کی ضرورت تھی۔