قوال امجد صابری کو مداحوں سے بچھڑے 7سال بیت گئے

جمعرات 22 جون 2023 23:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2023ء) پاکستان کے مشہور قوال امجد صابری کو مداحوں سے بچھڑے 7 سال بیت گئے۔امجد صابری کو سن 2016 میں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا تاہم سالوں بعد بھی قوال کی یاد مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔برصغیر کے معروف قوال گھرانے سے تعلق رکھنے والے امجد صابری استاد غلام فرید صابری کے گھر 23 دسمبر 1976 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔

(جاری ہے)

صابری برادران کے نام سے مشہور اپنے والد اور چچا سے قوالی کی تربیت حاصل کی اور چھوٹی سی عمر سے ہی اس فن سے وابستہ ہوگئے۔امجد صابری نے پاکستان سمیت بہت سے ممالک میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور خوب شہرت کمائی۔امجد صابری کو ماہِ رمضان 22 جون 2016 میں کراچی میں اس وقت قتل کیا گیا جب وہ گھر سے رمضان ٹرانمیشن میں شرکت کیلئے روانہ ہوئے تھے۔یاد رہے امجد صابری کے قاتلوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا جنہوں نے جرم کا اعتراف بھی کیا۔