قدیم ترین ریلوے اسٹیشن جہانیاں مسائل کا گڑھ بن گیا

پیر 24 جولائی 2023 12:40

جہانیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2023ء) قدیم ترین ریلوے اسٹیشن جہانیاں مسائل کا گڑھ بن گیا ارباب اختیار کی جانب سے ریلوے اسٹیشن پر توجہ نہ دینے کی وجہ سے حالت دن بدن بگڑنے لگی۔ شہریوں کی جانب سے اصلاح احوال کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق جہانیاں کا قدیم ریلوے اسٹیشن جو 1870 میں قائم ہوا اس کی حالت زار، ارباب اختیار کی محکمہ ریلوے سے عدم دلچسپی کا پتہ دیتی ہے۔

وقت کی جدت کے ساتھ دنیا تیزی سے ترقی کر رہی ہے مگر جہانیاں کے اس تاریخی ریلوے اسٹیشن پر کوئی تبدیلی نہ کی گئی۔ ریلوے کو ریکارڈ آمدن دینے والے اس ریلوے اسٹیشن پر وقت کے ساتھ ساتھ مزید ٹرینوں کے سٹاپ منظور کرنے کی بجائے اسے لا وارث سمجھ کر منظورشدہ سٹاپ بھی ختم کردیے گئے مسافروں کے لیے صرف ملت ایکسپریس اور علامہ اقبال ایکسپریس کے سٹاپ کی سہولت میسر ہے۔

(جاری ہے)

ریلوے اسٹیشن جہانیاں پر افسران کی آمد کے موقع پر رنگ و روغن کرکے بلڈنگ کی حالت بدل دی جاتی ہے مگر کمرے پورا سال بند رہتے ہیں۔ریلوے اسٹیشن پر ٹھنڈے پانی اور روشنی کی سہولت موجود نہ ہے رات ہوتے ہی ریلوے اسٹیشن اندھیرے میں ڈوب جاتا ہے۔سکیورٹی اور روشنی کا کوئی انتظام نہ ہونے کی وجہ سے یہ نشیئوں کا محفوظ مسکن بن چکا ہے۔جبکہ رات کے اوقات میں مسافروں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں محمد لطیف خان خٹک،محمد عارف سعید،محمد آصف نظامی،ڈاکٹر عمران فاروق،ڈاکٹر یاسین گل،چوہدری ثناء اللہ احسان،شاہ زیب ،چوہدری محمد شفیق خاور،چوہدری طاہر رندھاواو دیگر شہریوں کا کہنا ہے کہ لاکھوں افراد پر مشتمل جہانیاں کے مسافروں کے لیے صرف دو ٹرینوں کے سٹاپ ناکافی ہیں مسافروں کی ضرورت کو مدنظر رکھ کر مزید ٹرینوں کے سٹاپ مقرر کرکے جہانیاں کا کوٹہ مقرر کیا جائے اور ریلوے اسٹیشن کی حالت زار کو بدلنے کے لیے حکام بالا فوری نوٹس لیں۔