اسامہ بن لادن کو قتل کرنیکا دعویدار سابق امریکی فوجی گرفتار

امریکی بحریہ کے سابق اہلکار رابرٹ او نیل کو نشے کی حالت میں ہنگامہ آرائی کرنے اور ایک خاتون پر حملہ کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیااور بعد میں ضمانت پر رہا کر دیاگیا

پیر 28 اگست 2023 12:40

اسامہ بن لادن کو قتل کرنیکا دعویدار سابق امریکی فوجی گرفتار
ٹیکساس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2023ء) ایبٹ آباد میں ہونے والے فوجی آپریشن کے دوران القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کو گولیاں مارنے کا دعویٰ کرنے والا امریکی بحریہ کے اہلکار کو نشے کی حالت میں توڑ پھوڑ کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔سابق نیوی سیل نے پہلی مرتبہ 2014 میں واشنگٹن پوسٹ کو دیے گئے انٹرویو میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے 2011کے آپریشن میں اسامہ بن لادن پر فائرنگ کی تھی تاہم امریکی حکام کی جانب سے اس دعوے کی نا کبھی تصدیق کی گئی اور نا ہی تردید کی گئی۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی بحریہ کے سابق اہلکار رابرٹ او نیل کو عوامی مقام پر نشے کی حالت میں ہنگامہ آرائی کرنے اور ایک خاتون پر حملہ کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔

(جاری ہے)

امریکی بحریہ کے سابق سیلر کو عوامی مقام پر نشے کی حالت میں حملہ کر کے جسمانی چوٹ پہنچانے کے الزام میں کلاس اے اور بدعنوانی کے الزام میں سی کلاس کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔

بعد ازاں امریکی بحریہ کے سابق اہلکار رابرٹ او نیل کو 3500 ڈالر کی ضمانت پر رہا کر دیا گیا تاہم اب کیس عدالت میں چلے گا جہاں ممکنہ طور پر سابق امریکی اہلکار کو قید اور جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب امریکی بحریہ کے سابق اہلکار کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حراست میں لیا ہو، اس سے قبل 2016 میں بھی رابرٹ اونیل کو دوران ڈرائیونگ سونے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔اس کے علاوہ کووڈ کے دوران امریکا کی ڈیلٹا ائیر لائنز نے سفر کے دوران بغیر ماسک کے تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے پر سابق امریکی اہلکار کے سفر پر پابندی عائد کر دی تھی۔