فیصل آباد ،دھان کی مشینی کٹائی ومحفوظ برداشت کے لیے خودکار مشینیں متعارف

جمعرات 14 ستمبر 2023 13:16

فیصل آباد ،دھان  کی مشینی کٹائی ومحفوظ برداشت  کے لیے خودکار مشینیں ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2023ء) زرعی انجینئرز نے دھان کی فصل کی مشینی کٹائی ومحفوظ برداشت کیلئے خودکار کٹر بائنڈر،واک آفٹر کٹر،ٹریکٹر ریپر، فل فیڈ کمبائن اور ہیڈ فیڈ کمبائن نامی مشینیں متعارف کروادیں۔نظامت اعلیٰ زراعت فیلڈ کے انجینئر طارق شاہین نے بتایا کہ دھان کی کٹائی کے دوران 10 فیصد تک فصل ہاتھ سے کٹائی وپھنڈائی میں ضائع ہوجاتی ہے لہٰذا کاشتکار ان مشینوں کی مدد سے کٹائی کریں تاکہ انہیں پوری فصل اور بہتر معیار کے باعث پورا معاوضہ مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ خودکار کٹر بائنڈر نامی مشین چاول، گندم اور چارہ کاٹنے کے لیے استعمال ہوتی ہے جوچاول کی فصل کاٹ کر خود ہی ساتھ کی ساتھ گٹھے بھی بنادیتی ہے ،جس کا انجن 10 ہارس پاور،فیول کھپت 1.5 لیٹر فی گھنٹہ،فیلڈ کپیسٹی 1 ایکڑ فی گھنٹہ اور کٹائی کی چوڑائی 4 فٹ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ واک آفٹر کٹر مشین چاول، گندم، چارے کو کاٹ کر ایک طرف لائن میں گراتی ہے جس کا انجن 7 سے9 ہارس پاور، فیول کھپت 1.5 لٹر فی گھنٹہ،فیلڈ کپیسٹی 1 ایکڑ فی گھنٹہ اور کٹائی کی چوڑائی 4سے6 فٹ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹریکٹر ریپر مشین کو ٹریکٹر کی اگلی سائیڈ پر فٹ کرکے چلایا جاتا ہے جس سے چاول اور گندم کی کٹائی کی جاتی ہے اور یہ فصل کو کاٹ کر ایک سائیڈ پر لائن میں گراتی ہے، اسے چلانے کے لیے ٹریکٹر،فیول کھپت 2 سے3 لیٹر فی گھنٹہ،فیلڈ کپیسٹی1.5 ایکڑ فی گھنٹہ اور کٹائی کی چوڑائی7 فٹ ہے۔انہوں نے بتایا کہ فل فیڈ کمبائن کٹ میں معمولی تبدیلی کرکے چاول اور گندم کاٹ لیتی ہے جس کی چوڑائی 13 تا15فٹ اور یہ ایک دن میں 10 سے 15 ایکڑ پر موجود فصل کو آسانی سے کاٹ لیتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہیڈفیڈ کمبائن صرف دھان کی فصل کاٹتی ہے اور اس سے ایک وقت میں 4 لائنوں کو کاٹا جاسکتا ہے جبکہ یہ مشین روزانہ 5 سے 6 ایکڑ رقبہ پر موجود فصل کاٹ لیتی ہے۔