جعلی ڈگری کیس ، شعیب شیخ اور وکیل کی عدم حاضری پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی

جمعرات 14 ستمبر 2023 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2023ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں شعیب شیخ اور ان کے وکیل کی عدم حاضری پرشعیب شیخ کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی ۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ اپیل کنندہ کی عدم حاضری کی وجہ معقول نہ ہوئی تو قابل ضمانت وارنٹ جاری کریں گے۔ چیف جسٹس نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں سزا یافتہ مجرم شعیب شیخ کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل اور سپیشل پراسیکیوٹر اشفاق نقوی پیش ہوئے ۔ دوران سماعت اپیل کنندہ خود پیش ہوئے اور نہ ہی ان کے وکیل آئے۔ معاون وکیل نائلہ نورین نے بتایا کہ اپیل کنندہ کے وکیل لطیف کھوسہ سپریم کورٹ میں مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہوئے۔ شعیب شیخ کی جانب سے بھی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی گئی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدم حاضری کی معقول وجہ نہ ہوئی تو قابل ضمانت وارنٹ جاری کریں گے۔ بعد میں عدالت نے شعیب شیخ کی آج حاضری سے استثنیٰ اور التوا کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔