ہیرے کی انگوٹھی گم ہونے کا معاملہ،ثمر ہارون کے ملازم کی بازیابی کیلئے درخواست دائر

بدھ 20 ستمبر 2023 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2023ء) مرحوم بشیر بلور کی بہو اور سابق ایم پی اے ثمر ہارون بلور کی ایک کروڑ روپے کی انگوٹھی نہ مل سکی، ان کے گھریلو ملازم کی بازیابی کیلئے درخواست دائر کردی گئی۔ ثمر بلور کے گھریلو ملازم عرفان کے بھائی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ عرفان 10 سال سے ثمر بلور کے گھر کوکنگ کا کام کرتا ہے، چند دن پہلے بھائی نے بتایا کہ میڈم کی ہیرے کی انگوٹھی گم ہوگئی ہے، اسے گھر میں بند کر دیا ہے۔

اندراج مقدمہ کی درخواست سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) آپریشن آفس اور تھانہ کوہسار میں دی گئی۔درخواست میں کہا گیا کہ چند دن پہلے بھائی نے کال کرکے بتایا کہ میڈم کی ہیرے کی انگھوٹی گم ہوگئی ہے، انگوٹھی گم ہوجانے کی وجہ سے گھر میں ٹینشن ہے، جمعرات کو بھائی عرفان کا میسج آیا کہ اسے گھر میں بند کر دیا گیا ، جب میں بنگلے پر پہنچا تو چوکیدار نے بتایا کہ صفائی والے ملازمین پر تشدد کیا گیا ہے، چوکیدار نے کہا کہ عرفان کو ساتھ لے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ملازم کے بھائی نے اپنی درخواست میں کہا کہ برائے مہربانی میرے بھائی کو بازیاب کروایا جائے۔دوسری طرف ثمر بلور کی جانب سے درج مقدمے میں کہا گیا کہ انگوٹھی گھر سے چوری ہوئی ہے، گھر میں ملازمین کے علاوہ کوئی نہیں آیا، ملازمین کو شامل تفتیش کیا جائے۔