خصوصی عدالت نے نو مئی واقعات میں درج مقدمے میں روپوش 28 ملزمان کو اشتہاری قرار دیدیا

جمعہ 22 ستمبر 2023 12:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2023ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9مئی کے واقعات میں جناح ہائوس پر حملے اور جلائو گھیرائو کے الزام میں درج مقدمے میں روپوش 28 ملزمان کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے اشتہار جاری کرنے کا حکم دے دیا ۔عدالت نے ملزم اعجاز اسلم، مطیع اللہ، سدرہ گیلانی سمیت 28 ملزمان کے اشتہار جاری کرتے ہوئے سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کردی ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے جمعہ کو کیس پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت تفتیشی افسران نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان جان بوجھ کر روپوش ہو چکے ہیں۔استدعا کی کہ عدالت ملزمان کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کرے کیونکہ ان کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ درج ہے۔ دریں اثنا انسداد دہشت گردی کی دوسری خصوصی عدالت نے 9مئی کو جناح ہائوس پر حملہ اور جلا ئو گھیرا ئوکے الزام میں گرفتار تحریک انصاف کی رہنما روبینہ جمیل کی ضمانت درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 25 ستمبر تک ملتوی کردی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے مقدمے کا مکمل چالان بھی طلب کرلیا ۔