Live Updates

رانا تنویرحسین سے پرویزرشید کی ملاقات ،پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو

جمعرات 8 مئی 2025 19:40

رانا تنویرحسین سے پرویزرشید کی ملاقات ،پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مئی2025ء)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے سینیٹر پرویز رشید نے وفاقی وزیر کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے رات کی تاریکی میں بھارت کی جانب سے مریدکے میں واقع مسجد پر حملے کو بزدلانہ اقدام قرار دیا اور کہا کہ پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے منہ توڑ جواب دیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت کی طرف سے آئندہ کوئی شرارت ہوئی تو پاکستان ایسا جواب دے گا جو دنیا ہمیشہ یاد رکھے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے اور ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔

(جاری ہے)

پاکستان اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے اور اپنی سرحدوں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے جبکہ سیاسی اور عسکری قیادت بھی ہم قدم ہے۔

رانا تنویر حسین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاک فوج کی بہادری اور دفاعی صلاحیتوں پر قوم کو فخر ہے اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ بھارت کی بزدلانہ کارروائیوں کا نوٹس لیا جائے۔ ملاقات کے دوران ملکی سلامتی اور دفاع کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات