کمشنر لاہور کی شہر میں آشوب چشم کے حوالے سے ہدایات جاری

جمعہ 22 ستمبر 2023 22:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2023ء) کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے شہر میں آشوب چشم کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکولوں کے اساتذہ و ہیڈ ٹیچرز طلبا و طالبات کو آشوب چشم سے احتیاط کی آگاہی دیں۔ کمشنر لاہورنے کہا کہ ایجوکیشن اتھارٹی و ڈائریکٹر کالجز تمام سکولز و کالجز میں فزیکل سکیننگ کرائیں۔

والدین کو آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آنکھوں میں جلن، سوزش، گہری سرخی اور پانی بہنا آشوب چشم کی علامات ہیں۔ فزیکل سکیننگ میں ان علامات پائے جانے پر طلباو طالبات کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی آگاہی دیں۔ آشوب چشم کی علامات کی صورت میں بار بار ہاتھ دھوئے جائیں۔ اپنے استعمال کی چیزیں الگ کرلیں۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ آشوب چشم علامات کی صورت میں آنکھوں میں پانی ڈالنے کی بجائے معالج سے مشورہ کرکے آنکھوں کے قطرے ڈالے جائیں۔

(جاری ہے)

آشوب چشم کی صورت میں فوری طور پر سیاہ چشمے کا استعمال شروع کریں۔ آشوب چشم تیزی سے پھیلتی ہے اس لئے متاثرہ افراد احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ کمشنر لاہور نے کہان کہ صحت مند افراد آشوب چشم میں مبتلا افراد سے فاصلہ رکھیں۔ ان کے زیر استعمال کوئی چیز استعمال نہ کریں۔ سرکاری ہسپتالوں میں آشوب چشم کے حوالے سے علاج معالجہ کی تمام سہولیات دستیاب ہیں۔ کمشنر لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خود بھی اور اپنے بچوں کو بھی آشوب چشم احتیاطی تدابیر اختیار کرائیں۔

متعلقہ عنوان :