محکمہ کھیل و امور نوجوانان اور سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی طرف سے ضلع لکی مروت میں یوتھ ٹیک گالا کا انعقاد

ہزار طلباء گالا میں شرکت کریں گے،جسمیں روبوٹکس، سائنس پراجیکٹس کے سٹالز، کرئیر کونسلنگ کے سیشنز اور کلچرل تقریبات منعقد ہو ںگی

جمعہ 22 ستمبر 2023 19:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2023ء) خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے کھیل و امور نوجوانان اور سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر نجیب اللہ نے کہا ہے کہ ضلع لکی مروت میں 7 اکتوبر سے یوتھ ٹیک گالا منعقد کیا جائے گا جس میں ضلع بھر کے میٹرک اور ایف اے، ایف ایس سی کے ہزاروں طلبہ شرکت کریں گے ،انہوں نے کہا کہ اس فیسٹیول میں روبوٹکس، سائنس پراجیکٹس کے سٹالز اور کریئر کونسلنگ کے سیشنز منعقد کئے جائیں گے اور اس گالا میں ہمیں ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم ضلع لکی مروت، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور روبوٹرانکس اور انسٹیٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی اسلام اباد کی معاونت حاصل ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوتھ ٹیک گالا کے انعقاد کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری حمید اللہ، ڈائریکٹر جنرل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور محکمے کے دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر نجیب اللہ نے مزید کہا کہ اس قسم کے ایونٹس منعقد کرنے کا مقصد نوجوانوں میں سائنس و ٹیکنالوجی سے متعلق شعور اجاگر کرنے ان کو اپنے پروجیکٹس قومی اور بین الاقوامی سطح پر پیش کرنے اور کریئر کے انتخاب میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں بے پناہ قابلیت اور صلاحیتیں موجود ہیں ہم ان کو مواقع فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ اگے بڑھ کر قوم کی خدمت کر سکیں۔ نگران وزیر ڈاکٹر نجیب اللہ کا مزید کہنا تھا کہ اس ایک روزہ ایونٹ میں شرکاء کو اپنی سکلز پیش کرنے اور دوسرے ٹیکنیکل ایکسپرٹس لوگوں کے تجربات سے فوائد حاصل کرنے کا موقع ملے گا جبکہ ایونٹ میں شرکت کرنے والے طلبہ کو پوزیشنز اور انعامات بھی دیے جائیں گے۔ نگران وزیر نے ہدایات جاری کیں کہ ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے انتظامات جلد از جلد مکمل کئے جائیں انہوں نے کہا کہ اس قسم کے ایونٹس صوبے کے دوسرے اضلاع میں بھی منعقد کیے جائیں گے۔