ادارہ اخوت سماجی ذمہ داری کے تحت ہزاروں طلبا و طالبات کو مفت آئی ٹی تربیت سے بہرہ مند کر رہا ہے،گورنر پنجاب

ہفتہ 23 ستمبر 2023 20:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2023ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ امجد ثاقب کی اخوت فائونڈیشن کی مثال سب کے سامنے ہے ، وہ اربوں روپے اس معاشرے پر خرچ کر رہے ہیں اور کم وسیلہ لوگوں کو بغیر کسی ضمانت کے قرض حسنہ دیتے ہیں ، یہ بات بڑی متاثر کن ہے کہ 90 سے99 فیصد لوگ یہ قرض واپس کرتے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز گورنر ہائوس لاہور میں اخوت سینٹر فار انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن پروگرام کے دوسرے مرحلے کے افتتاح کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ادارہ اخوت سماجی ذمہ داری کے تحت ہزاروں طلبا و طالبات کو مفت آئی ٹی تربیت سے بہرہ مند کر رہا ہے، میں آپ سب کو خوش آمدید کہتا ہوں کہ آپ سب یہاں بہتری کے عمل کے لیے آئے ہیں اور آپ سب آگے بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں،آپ کو کبھی بھی مایوس نہیں ہونا چاہیے، معاشرے کی مثبت چیزوں پر اعتماد رکھیں۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ہر معاشرے میں کوتاہیاں ہوتی ہیں لیکن ان کمزوریوں پر ہی توجہ کریں گے تو آپ پھر آگے نہیں بڑھ سکتے، یہ اس بات کی مثال ہے کہ معاشرے میں لوگوں میں احساس اور ذمہ داری موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک پڑھا لکھا انسان تحقیق کرتا ہے اور سنی سنائی باتوں پر یقین نہیں کرتا ، آپ بھی تحقیق کریں اور پھر کسی چیز کے بارے میں رائے قائم کریں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے جدید دور میں آئی ٹی کی تعلیم حاصل کرنا بہت اہم ہے اور نوجوانوں کو اس طرف زیادہ سے زیادہ راغب ہونا چاہیے تاکہ وہ دنیا میں کامیاب ہو سکیں، آئی ٹی تعلیم حاصل کرنے سے آن لائن روزگار کے ملتے ہیں۔اخوت فائونڈیشن کے چیئرمین امجد ثاقب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب کے طلبہ و طالبات کیلئے گورنر ہائوس کے دروازے کھولنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا اس پروگرام کے تحت دس ہزار سے زائد کم وسیلہ گھرانوں سے تعلق رکھنے والے طلباوطالبات کو مفت آئی ٹی ٹریننگ دی جائے گی۔ مزید برآں ایک ویب پورٹل کا بھی اجرا کیا جا رہا ہے جس سے تربیت حاصل کرنے والے طلباوطالبات کی مختلف اداروں میں ملازمت کے حصول کو ممکن بنایا جائے گا۔اس موقع پر گورنر ہائوس لاہور میں اخوت اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے اشتراک سے ہزاروں طلبہ و طالبات کا آئی ٹی ٹریننگ ٹیسٹ بھی منعقد ہوا۔