سعودی ولی عہد کا پورٹریٹ بنانے پر پاکستانی مصور کا ایوارڈ

پاکستان میں سعودی سفیر نے عمر جرال کو عمرہ کے ٹکٹ کا تحفہ دے دیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 ستمبر 2023 12:02

سعودی ولی عہد کا پورٹریٹ بنانے پر پاکستانی مصور کا ایوارڈ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 ستمبر 2023ء ) سعودی ولی عہد کا پورٹریٹ بنانے پر پاکستانی مصور کو ایوارڈ دیتے ہوئے پاکستان میں سعودی سفیر نے عمر جرال کو عمرہ کے ٹکٹ کا تحفہ دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی تصویر بنانے والے پاکستانی مصور عمر جرال کو عمرے کا ٹکٹ تحفے میں دیا ہے، 33 سالہ عمر جرال دماغی فالج (سی پی) کے مرض میں مبتلا ہیں، جس کے باعث وہ دوسروں سے بات چیت کے لیے کمپیوٹر کا استعمال کرتے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ عمر جرال سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت دنیا بھر کے مسلم رہنماؤں کی تصاویر بناچکے ہیں، لاہور میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے عمر جرال سے ملاقات کی، یہ ملاقات سعودی عرب کے 93 ویں قومی دن کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں ہوئی۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان عرب دنیا کے طاقتور ترین رہنما کے طور پر جانے جاتے ہیں، شہزادہ محمد بن سلمان 2017 میں سعودی عرب کے ولی عہد مقرر کیے گئے تھے، محمد بن سلمان نے ولی عہد بننے کے بعد سعودی عرب میں کئی اصلاحات متعارف کروائیں اور سعودی ویژن 2030ء بھی پیش کیا، جس کا مقصد سعودی عرب کی معیشت کا تیل پر انحصار کم کر کے دیگر معاشی راہ داریوں کو وسعت دینے پر توجہ مرکوز کرنا ہے، سعودی ویژن 2030 پیش کرتے وقت سعودی عرب کے ولی عہد نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ سعودی حکومت کا تیل پر سے انحصار ختم کر دیا جائے گا۔

اس کے علاوہ سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر اعظم کا تقرر کیا گیا اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو سعودی عرب کا پہلا وزیر اعظم مقرر کیا گیا ہے، اس حوالے سے سعودی فرمانروا نے شاہی فرمان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ سعودی آئین کی دفعہ 56 کے تحت مملکت کے پہلے وزیر اعظم کے تقرر کا فیصلہ کیا گیا، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بطور وزیر اعظم وزراء کونسل کے سربراہ ہیں۔