ڈویژن بھر میں جشن میلاد مصطفیؐ بھرپور جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منایا جا ئے گا،کمشنر

منگل 26 ستمبر 2023 19:20

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2023ء) کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ نبی ؐ کی تعریف و ثناء کسی کے بس کی بات نہیں اور جس ہستی پرخود خالق کائنات درود و سلام بھیج رہا ہوااس کی بارگاہ میں ہم اپنی محبت اورعقیدت کے اظہار کی صرف جسارت ہی کرسکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلاس میں کیا۔

انہوں نے کہاکہ میلاد مصطفی ؐ خوشی کا طریقہ اور انداز مختلف ہو سکتا ہے لیکن کو ئی بھی مسلمان آپ ؐ کی ولادت باسعادت کی خو شیاں منانے سے محروم نہیں رہ سکتا ،ہر سال کی طرح اس بار بھی ڈویژن بھر میں جشن میلاد مصطفی ؐبھرپور جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے جس کیلئے متعلقہ اداروں نے تمام ممکنہ انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔

(جاری ہے)

اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ، ڈی پی اوز ، متعلقہ محکموں کے افسران اور امن کمیٹی کے معزز اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔

کمشنر نے کہاکہ ڈویژن میں مثالی بین المسالک بھائی چارہ اور ہم آہنگی موجود ہے ،جشن عید میلاد النبیؐ کے تمام مرکزی جلوسو ں کے روٹس پر صفائی ، چھڑکائو، لائٹنگ اور دیگر میونسپل سروسز کی فراہمی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ، پولیس اور ضلعی انتظامیہ سیکورٹی کے فول پروف اقدامات کو یقینی بنائے گی۔

ڈویژنل امن کمیٹی کے اجلاس میں شریک ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے سیکورٹی انتظامات کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہو ئے اس عزم کا اظہار کیا کہ جلوسوں کے روٹس پر بہترین انتظامات کئے جائیں گے اور سیکورٹی ایس او پیز پر عمل درآمد کروایا جا ئے گا۔اجلاس میں شریک مختلف مسالک کے جید علمائے کرام اور معزز ممبران نے ڈویژن بھر میں کئے جانے والے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ کے ساتھ مل کر قیام امن کو ہرصورت یقینی بنائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :