آشوب چشم خطرناک نہیں اور نہ ہی اس سے بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے

آشوب چشم نئی چیز نہیں، یہ ہر سال حبس کے موسم کے باعث پھیلتی ہے، تمام ہسپتالوں میں آئی ڈراپس وافر مقدار میں مہیا کر دیے گئے ہیں۔ وزیرپرائمری وسیکنڈری ہیلتھ کیئرڈاکٹر جمال ناصر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 27 ستمبر 2023 18:39

آشوب چشم خطرناک نہیں اور نہ ہی اس سے بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 ستمبر 2023ء) وزیرپرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئرڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ آشوب چشم خطرناک نہیں اور نہ ہی اس سے بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، آشوب چشم نئی چیز نہیں، یہ ہر سال حبس کے موسم کے باعث پھیلتی ہے۔ انہوں نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ سکولوں کے بچوں کو چھٹیاں دے دی گئی ہیں، اس کی وجہ آشوب چشم ہے، چھٹیوں سے آشوب چشم وباء پھیلنے کا دورانیہ کم ہوجائے گا، جب لاکھوں بچے دو سے تین دن گھروں میں رہیں گے تو اس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملے گی۔

آشوب چشم کے مریضوں کی معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے، تمام ہسپتالوں کو آن بورڈ کردیا گیا ہے، آشوب چشم کے مریض علاج اور رہنمائی کے لئے ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔

(جاری ہے)

صوبے بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں آئی سرجنز کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ تمام ہسپتالوں میں آئی ڈراپس وافر مقدار میں مہیا کر دیے گئے ہیں۔

آشوب چشم خطرناک نہیں اور نہ ہی اس سے بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی، میو ہسپتال لاہور اور نشتر ہسپتال ملتان میں آشوب چشم کے مریضوں کا علاج کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ آشوب چشم نئی چیز نہیں، یہ ہر سال حبس کے موسم کے باعث پھیلتی ہے۔ آشوب چشم سے متاثرہ افراد آنکھیں دھوئیں، عینک پہنیں اور اپنی چیزیں دوسروں سے الگ رکھیں۔

یاد رہے صوبہ پنجاب بھر میں آشوب چشم کی بیماری کے پھیلاؤ کے باعث اسکول جمعرات تا ہفتہ بند کر دیئے گئے۔ میٹرک کلاسز تک تمام بچوں کو کل چھٹی ہوگی، آشوب چشم کی وجہ سے پنجاب بھر کے اسکولز میں جمعرات کی چھٹی دے دی گئی ہے، اب اسکولز مسلسل چار روز بند رہیں گے، جمعرات جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کی چھٹی کے بعد پیر کے روز سے آشوب چشم کے بچوں کو مرکزی دروازہ پر ٹیچر خود چیک کریں گے، آشوب چشم کے مریضوں بچوں کو سکول میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔