کئی بار سائن کرنے کے بعد کسی اور کو فلم میں شامل کیا گیا، رکل پریت سنگھ

سنیما میں میرا سفر نشیب و فراز سے عبارت ہے، قبولیت بھی ملی اور رد بھی کیا گیا،ہمیشہ ہی سیکھنے کا تجربہ اچھا رہا، انٹرویو

ہفتہ 30 ستمبر 2023 10:40

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2023ء) بالی ووڈ کی نوجوان اداکارہ رکل پریت سنگھ نے کہا ہے کہ کئی بار سائن کرنے کے بعد کسی اور کو فلم میں شامل کیا گیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اداکارہ نے کہا کہ ابتدائی دنوں میں، میں صرف ایک نوجوان لڑکی تھی جس کا بڑے پردے پر نظر آنے کا خواب تھا لیکن فلم انڈسٹری کی کوئی معلومات نہیں تھیں۔

انہوں نے کہا کہ سنیما میں میرا سفر نشیب و فراز سے عبارت ہے، قبولیت بھی ملی اور رد بھی کیا گیا لیکن ہمیشہ ہی سیکھنے کا تجربہ اچھا رہا۔

(جاری ہے)

رکل نے کہا کہ ممبئی منتقل ہونا اور کم عمر لڑکی کی حیثیت سے یہاں رہنا سخت معاملہ تھا، آڈیشنز کے لیے قطاروں میں کھڑے رہنا اور کاسٹنگ ایجنٹس اور ڈائریکٹرز سے ملنا، فلمیں سائن کرنا اور اس کے بعد اپنی جگہ کسی اور اداکار کا فلم میں شامل ہوجانا، اس سب سے مجھے بہت اچھا تجربہ حاصل ہوا۔

انہوں نے کہا کہ میرے پاس جو واحد چیز تھی وہ خود پر یقین اور اعتماد تھا اور میں ہمیشہ زیادہ محنت کرتی تھی تاکہ میرا کام میرا تعارف بن جائے۔خیال رہے کہ رکل پریت سنگھ کے کیریئر کی پہلی فلم ’’گِلی‘‘تھی جبکہ بالی ووڈ میں انہوں نے 2013 میں فلم ’’یاریاں‘‘سے ڈیبیو کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :