راولپنڈی،لال حویلی سیل کرنے کیخلاف پٹیشن پر متروکہ وقف املاک کی تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع

پیر 2 اکتوبر 2023 22:18

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اکتوبر2023ء) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف کے روبرو متروکہ وقف املاک کی جانب سے لال حویلی سیل کرنے کیخلاف دائر پٹیشن پر متروکہ وقف املاک نے لال حویلی سیل کرنے سے متعلق تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی ہے جس کے بعد عدالت نے مزید کاروائی کے لئے سماعت 10اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے گزشتہ روزسماعت کے موقع پر شیخ رشید کے وکیل کے علاوہ متروکہ وقف املاک کی جانب سے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل صدیق اعوان بھی عدالت میں موجود تھے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے 75صفحات پرمشتمل رپورٹ جمع کراتے ہوئے عدالت کوبتایا کہ شیخ رشید اور انکے بھائی شیخ صدیق کی جانب سے پیش کی گئی رجسٹری کو جعلی قرار دیا گیا ہے اورلال حویلی کو ٹرسٹ پراپرٹی ڈکلیئر ہونے کے بعد سیل کیا گیا ہے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ کی جانب سے 30جنوری کو جاری احکامات کے تحت متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کے روبرو رواں سال لال حویلی کے معاملے پر سماعت کے لئے بالترتیب 19اپریل ،26اپریل ،4مئی،18مئی،یکم اگست،4اگست، 10اگست، 5ستمبر اور 12 ستمبر کی تاریخیں مقرر کی گئیں لیکن شیخ برادران کی جانب سے ہر مرتبہ معاملہ التوا میں ڈالا جاتا رہااس طرح 9مواقع دینے کے بعد چیئرمین متروکہ وقف املاک نی12ستمبر کو فیصلہ جاری کیااورچیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عطاء الرحمان کے آرڈر کے بعد لال حویلی کو سیل کیا گیا قبل ازیں متروکہ وقف املاک کے وکیل کا موقف تھا کہ شیخ رشید اورانکے بھائی شیخ صدیق کو دستاویزات پیش کرنے کیلئے متعدد مواقع دیئے گئے لیکن شیخ رشید ، انکے بھائی اوروکلا ریکارڈ پیش کرنے کی بجائے بار بار التوا مانگتے رہے جبکہ شیخ رشید کے وکیل نے لال حویلی سیل کرنے کے فیصلے کویک طرفہ قرار دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ متروکہ وقف املاک نے بغیر کسی نوٹس اور آرڈر کے لال حویلی کو سیل کیااور اس حوالے سے ہمیں نہیں سنا گیاعدالت نے فریقین کے وکلاکے دلائل سننے کے بعد سماعت 10اکتوبرتک ملتوی کردی ۔