درجہ چہارم کے سرکاری ملازمین کا تین ماہ سے جاری احتجاج رنگ لے آیا ، 35 فیصد ایڈہاک الائونس بحال

بدھ 11 اکتوبر 2023 19:41

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2023ء) درجہ چہارم کے سینکڑوں سرکاری ملازمین کا تین ماہ سے جاری احتجاج رنگ لے آیا ،پنجاب حکومت نے مطالبات مان لئے 35فیصد ایڈہاک الائونس بحال کردیا ،شاہین لیبر یونین بلدیہ مریدکے اور سینٹری ورکرز یونین میونسپل کارپوریشن مریدکے کے سینکڑوں کارکنوں کا جشن ،ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے ۔

مطالبات منوا کر لاہور احتجاج سے مریدکے پہنچنے پر درجہ چہارم سرکاری ملازمین نے صدر شاہین لیبر یونین ساجن چوہان اور انکے ساتھیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے ۔پنجاب حکومت ،سیکرٹری بلدیات اور شاہین لیبر یونین کے حق میں نعرے بھی کی گئی ۔ اس موقع پر شاہین لیبر یونین بلدیہ مریدکے کے صدر ساجن چوہان سینٹری ورکرز یونین میونسپل کارپوریشن کی صدر عنائت بی بی شاہد مبارک کھوکھر عرفان مومن ولسن گل شہباز بھٹی جیوبرٹ گل وسیم بابر مون سرور پریم گل دانش بھلہ استاد عمر سید احمد بلال شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے شاہین لیبر فیڈریشن کے مرکزی صدر لیاقت بیگ پنجاب کے صدر ملک تاجدین طارق چیدا کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دیگر صوبوں میں درجہ چہارم کے سرکاری ملازمین کو 35فیصد ایڈہاک الائونس مل رہا تھا مگر پنجاب کے درجہ چہارم کے سرکاری ملازمین کو محروم رکھا گیا جس کے سلسلہ میں پنجاب بھر میں بالخصوص لاہور میں احتجاج جاری تھا جسے سیکرٹری بلدیات نے مان لیا ہے ہم پنجاب حکومت اور سیکرٹری بلدیات پنجاب کے مشکور ہیں ۔

(جاری ہے)

مہنگائی کی دلدل میں پھنسے درجہ چہارم کے ملازمین کیلئے 35فیصد ایڈہاک الائونس کا جاری ہونا آکسیجن کے برابر ہے۔