عابد باکسر کا فرنٹ مین فاروق ڈار بیرون ملک فرار ہو گیا

فاروق ڈار عابد باکسر کے متعدد اکاونٹس کی دیکھ بھال کرتا ہے، سی آئی اے سول لائنز کی ٹیم جلد بیرون ملک روانہ ہوگی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 17 اکتوبر 2023 16:45

عابد باکسر کا فرنٹ مین فاروق ڈار بیرون ملک فرار ہو گیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 اکتوبر 2023ء ) سابق انسپکٹر عابد باکسر گرفتار و فرار معاملہ ، عابد باکسر کا فرنٹ مین فاروق ڈار بیرون ملک فرار ہوگیا۔ذرائع سی آئی اے کے مطابق معروف بزنس مین فاروق ڈار گرفتاری کے ڈر سے بیرون ملک فرار ہوا۔سی آئی اے پولیس نے فاروق ڈار کی تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کردیا ۔ ذرائع سی آئی اے کے مطابق سی آئی اے سول لائنز کی ٹیم جلد بیرون ملک روانہ ہوگی۔

فاروق ڈار عابد باکسر کے متعدد اکاونٹس کی دیکھ بھال کرتا ہے ۔ فاروق ڈار کے بک میکروں کے اکاونٹس چلانے کے بھی شواہد ملے ہیں۔ فاروق ڈار بک میکروں کے پیسوں کے لین دین میں بھی ملوث ہے۔ فاروق ڈار پر عابد باکسر کی منی لانڈرنگ کی معاونت کا الزام ہے ۔ ذرائع سی آئی اے کا کہنا ہے کہ عابد باکسر اور فاروق ڈار کے متعلق ٹھوس شواہد مل گئے ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں بتایا گیا کہ سی آئی اے اقبال ٹاؤن لاہور کی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ عابد باکسر نے اربوں روپے کے پلازے اور فلیٹ بنا رکھے ہیں۔

عابد باکسر اسلام آباد، لاہور میں ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے بھٹہ مانگتا تھا جس کے ناقابل تردید ثبوت حاصل کر لیے گئے ہیں۔عابد باکسر کے اکاؤنٹ سے کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی۔ وہ فاروق ڈار کے ذریعے منی لانڈرنگ کرتا تھا۔فاروق ڈار کی جانب سے بھجوائی گئی ٹرانزیکشنز کا ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق عابد باکسر نے بیوی کے نام سے سم نکلوا رکھی تھی ۔

اس کے موبائل فون کا تمام ڈیٹا حاصل کر لیا گیا ہے۔اہم انکشافات سامنے آنے کے بعد عابد باکسر کے خلاف تفتیش کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے اور مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔گذشتہ روز سابق پولیس انسپکٹر عابد باکسر پر تھانہ باغبانپورہ میں بھتہ خوری اور اغوا ء برائے تاوان کا ایک اور مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔پولیس کے مطابق مقدمہ باغبانپورہ داروغہ والا تھانے میں نجی ہوٹل کے مالک احمد علی نے درج کروایا، مقدمہ 365 اے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ عابد باکسر کے چار سے پانچ ساتھیوں نے ہوٹل آ کر دو کروڑ مانگے، مسلح افراد نے اپنے موبائل فون سے عابد باکسر سے بات کروائی، بات کرنے پر دو کروڑ روپے مانگے اور نہ دینے پر قتل کی دھمکی دی گئی۔